ایف بی آر کی ٹیکس دہندگان کو بڑی سہولت، تاخیر سے ریٹرن جمع کرانے پر سرچارج معاف

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاخیر سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے سرچارج ادا کیے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں شامل ہونے کا راستہ کھول دیا ہے، تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں کو چھ ماہ تک جائیداد نہ خریدنے کی شرط پوری کرنا ہوگی۔

ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کرتے ہوئے نیا اے ٹی ایل یو فارم متعارف کرایا ہے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند افراد کو آئرس (IRIS) سسٹم کے ذریعے الیکٹرانک حلف نامہ جمع کرانا ہوگا، جس میں انہیں یقین دہانی کرانا ہوگی کہ وہ آئندہ چھ ماہ تک کوئی جائیداد نہیں خریدیں گے۔

ایف بی آر کے مطابق اگر کوئی ٹیکس دہندہ حلف نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھ ماہ کے دوران جائیداد خریدتا ہے تو ادارہ بینکوں اور دیگر ذرائع سے اس کی تصدیق کرے گا اور متعلقہ شخص سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں سرچارج سے دی گئی چھوٹ ختم ہو جائے گی اور ٹیکس دہندہ کو اے ٹی ایل میں شمولیت کے لیے عام قواعد کے تحت عمل کرنا ہوگا۔

دوسری جانب ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرنز کی جانچ پڑتال کے لیے خودکار نظام بھی متعارف کرا دیا ہے، جس کے لیے انکم ٹیکس رولز میں نیا رول 38 بی شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بیرون ملک سے پاکستان رقم بھیجنے والوں کے لیے 16 ارب روپے کے انعامات، پاسبان ریمیٹنس ریوارڈز اسکیم کا آغاز

اس نظام کے تحت ٹیکس ریٹرن میں غلطیوں، تضادات اور قانونی تقاضوں سے متعلق خامیوں کی خودکار نشاندہی کی جائے گی اور ٹیکس دہندہ کو آئرس کے ذریعے آن لائن انتباہ جاری کیا جائے گا۔

نئے طریقہ کار کے تحت ایف بی آر فوری کارروائی کرنے کے بجائے پہلے ٹیکس دہندہ کو اپنی غلطی درست کرنے یا وضاحت پیش کرنے کے لیے کم از کم سات دن کی مہلت دے گا۔

مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے پر دوبارہ یاد دہانی کرائی جائے گی اور مزید سات دن کا وقت دیا جائے گا۔ٹیکس دہندہ کی جانب سے جمع کرائی گئی وضاحت کا متعلقہ افسر جائزہ لے گا اور اگر جواب تسلی بخش نہ ہوا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے گی۔

اس کے علاوہ تمام انتباہات، جوابات اور کارروائیوں کا ریکارڈ ڈیش بورڈ پر محفوظ رکھا جائے گا۔ایف بی آر کی ان ترامیم کا مقصد ٹیکس دہندگان کو ریٹرن جمع کرانے میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ٹیکس نظام میں شفافیت اور خودکار جانچ پڑتال کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔

Scroll to Top