اسلام آباد میں مبینہ گھر، کروڑوں کی گاڑیاں اور کرایہ آمدن کے ریکارڈ، اسعد محمود کے ٹیکس گوشواروں پر مبہم تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ کے بیٹے اسعد محمود کے مالیاتی امور انتہائی مشکوک اور مبہم ہو چکے ہیں، اور ان کے فارم بی اور انکم ٹیکس ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں مبینہ مالیاتی تضادات کا انبار لگ گیا ہے جبکہ گوشواروں میں موجود اندراجات اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے کوائف آپس میں متضاد ہیں۔

فارم بی میں پیشہ تدریس ظاہر کیا گیا ہے مگر 2021ء سے 2023ء تک 30 سے 36 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ دکھائی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود پیشہ اور تنخواہ کے علاوہ متعلقہ ادارہ، عہدہ، تقرری، ملازمت کا معاہدہ، تنخواہ کی ادائیگی کا طریقہ، ذرائع یا کسی سیلری سلپ کا کوئی نام و نشان نہیں۔

اسی طرح ملتان کی جائیدادوں کی مالیت فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ایک دوسرے سے بالکل مختلف کیوں ہے، اس کا بھی کوئی جواب نہیں؛ فارم بی میں ملتان میں دو جائیدادوں کی مالیت بظاہر 27 لاکھ اور 25 لاکھ روپے جبکہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں 55 لاکھ اور 70 لاکھ روپے درج کی گئی۔

دستاویزات میں جائیدادوں کی ملکیت کا یہ فرق اور ان کا فارم بی و ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں تضاد سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملتان کے محلات سے لے کر اسلام آباد کی زیرِ تعمیر عمارتوں تک،اسعد محمود کے کالے دھن اور بینک اکاؤنٹس کی دستاویزات نے بڑے گھپلے بے نقاب کر دیے

ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں 2025ء سے 48 مرلہ رہائشی پلاٹ کی مالیت 30 لاکھ روپے درج ہے، مگر یہ پلاٹ کہاں واقع ہے، کس سے، کیسے، کب اور کس تاریخ پر خریدا گیا، اس کی ادائیگی کا ذریعہ کیا ہے، اور کیا اس کی مکمل رجسٹری اور انتقال موجود ہے، یہ تمام باتیں صیغہ راز میں ہیں۔

اس کے علاوہ اسعد محمود نے 2026ء کے گوشوارے میں 400 کنال زرعی زمین کے لیز ایڈوانس کی مد میں 50 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ زمین کہاں ہے، اس کا اصل مالک کون ہے، لیز کتنے سال کی ہے، یہ رقم کسے ادا کی گئی، اور اس کا لیز معاہدہ یا ادائیگی کا ثبوت کہاں ہے؟

جائیداد سے سالانہ کرایہ آمدن 2024ء میں 3.48 لاکھ، 2025ء میں 23.04 لاکھ اور 2026ء میں 21.80 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے، مگر یہ جائیدادیں کہاں ہیں، ان کا کرایہ دار کون ہے، کرایہ کس بینک اکاؤنٹ میں موصول ہوتا ہے، اور کرایہ نامہ یا ٹیکس ریکارڈ کہاں موجود ہے؟

یہ بھی پڑھیں : من پسند ٹھیکیداروں پر فضل الرحمان خاندان کی کرم نوازی، 24 ارب کے سڑک منصوبے میں اربوں کے کمیشن کا کھلم کھلا انکشاف

مزید برآں اسعد محمود کے 2025ء کے گوشوارے میں نعیم حیدر گرمانی کو 30 لاکھ روپے کی ادائیگی کس مد میں کی گئی؟ ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے مطابق اثاثے 2023ء میں 96.24 لاکھ سے بڑھ کر 2025ء میں تقریباً 1 کروڑ 75 لاکھ روپے کیسے ہو گئے، اور کیا اسعد محمود کے پاس اس بات کا کوئی جواب یا دستاویزات موجود ہیں کہ ان کے اثاثوں میں 79 لاکھ روپے کا یہ اضافہ کیسے ہوا؟

جائیدادوں اور دیگر اثاثوں کی ظاہر کردہ مالیت اتنی کم کیوں لکھی گئی اور ان کی قیمتوں کے تعین کا معیار کیا تھا؟ جی سکس فور (G-6/4) اسلام آباد میں مبینہ تین گھر اور مہنگی ترین کروڑوں کی گاڑیاں گوشواروں سے کیوں غائب ہیں؟

کیا اسعد محمود تمام اثاثوں، جائیدادوں، آمدن، اخراجات، بینک بیلنس اور قرضوں کی مکمل تفصیلات پیش کرنے کی سکت رکھتے ہیں، کیا وہ گزشتہ چھ سال کے ٹیکس ریٹرنز، ویلتھ اور بینک اسٹیٹمنٹس کا حساب دیں گے، کیا وہ اپنی وصول کردہ تنخواہ، جائیدادوں کے ریکارڈ اور لیز معاہدات کی آزادانہ جانچ کے لیے تیار ہیں، اور کیا وہ فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں موجود اس تمام مبینہ تضاد کا کوئی مفصل جواب دینے کا ارادہ رکھتے ہیں؟

Scroll to Top