عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں، پاکستان میں بھی بڑا ریلیف مل گیا

اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے، برینٹ کروڈ آئل کی قیمت کم ہوکر 91.25 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 85.25 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آگئے، جہاں حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں کاروبار کے دوران برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 91.25 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت کم ہوکر 85.25 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

اسی طرح اماراتی مربن خام تیل 92 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں مبینہ گھر، کروڑوں کی گاڑیاں اور کرایہ آمدن کے ریکارڈ، اسعد محمود کے ٹیکس گوشواروں پر مبہم تفصیلات سامنے آ گئیں

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 364 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے موٹر سائیکل سواروں، نجی گاڑیوں کے مالکان اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے شہریوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، جبکہ ڈیزل سستا ہونے سے مال بردار گاڑیوں، ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے اخراجات میں بھی کمی کا امکان ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی پاکستان کے لیے بھی مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، تاہم عالمی مارکیٹ میں تیل کے نرخوں میں آئندہ اتار چڑھاؤ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔

Scroll to Top