وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر ان کا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف تقریباً یکساں ہے، تاہم نئے صوبوں کے قیام پر طویل سیاسی بحث کے بجائے عوامی ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ بلاول بھٹو نے سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے جبکہ ان کی اپنی تجویز مجموعی ری سیٹ سے متعلق ہے۔
وزیر داخلہ نے اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتیں باہمی مشاورت سے فیصلے کر رہی ہیں اور کوئی بھی فیصلہ یکطرفہ طور پر مسلط نہیں کیا جائے گا۔
نئے صوبوں کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کو اپنا مؤقف رکھنے کا حق حاصل ہے لیکن اس بحث کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے عوام کی رائے سب سے بہترین حل ہے اگر عوام حمایت کریں تو نئے صوبے بننے چاہییں اور اگر مخالفت کریں تو سب کو ان کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان کو تجاوزات کے نوٹسز جاری کیے جانے سے متعلق رپورٹس پر محسن نقوی نے کسی ایک شخصیت کو نشانہ بنانے کے تاثر کو مسترد کر دیا اور بتایا کہ گزشتہ چار سے پانچ ماہ کے دوران پانچ سے چھ ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جنہیں قانونی چارہ جوئی کا پورا حق حاصل ہے۔
سیاسی کشیدگی اور انتقامی احتساب کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ شواہد کی بنیاد پر کرپشن کے خلاف کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے، وزارت داخلہ اپنے اندر بھی احتساب کر رہی ہے اور سی ڈی اے کے بڑے کرپشن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔
محسن نقوی نے سائبر کرائم ایجنسی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایجنسی نے ایک بڑا بین الاقوامی امتحانی فراڈ پکڑا ہے جس میں ملوث گینگ نے غیر قانونی طریقوں سے تقریباً پانچ ہزار پاکستانیوں کو عالمی اداروں کے امتحانات پاس کرائے، اس گینگ اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول مزید سستاہوگیا،نیاحکومتی فارمولہ کام کرگیا
انہوں نے مزید بتایا کہ حکام نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران آن لائن فحش مواد کے کاروبار میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پندرہ ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں سے ہے، جبکہ غیر قانونی کال سینٹرز اور بچوں کے استحصال سے جڑے کیسز کی تفتیش بھی تیزی سے جاری ہے۔





