تین گھنٹے کی ملاقات ،پی ٹی آئی کا من گھڑت بیانیہ بے نقاب ، سینئر اینکر غریدہ فاروقی نے سب کچاچٹھا کھول دیا!

سینئر اینکر پرسن اور تجزیہ کار غریدہ فاروقی نے آزاد ڈیجیٹل میں گفتگوکرتے ہوئے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حالیہ ملاقاتوں اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔

غریدہ فاروقی کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی تین گھنٹے کی ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں اور سوشل میڈیا یوٹیوبرز کی جانب سے خوشیاں منائی جا رہی ہیں تاہم ان کے بقول اس ایک ملاقات نے پی ٹی آئی کے تمام اصولی بیانیے کو بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیوب پر روزانہ کی بنیاد پر ڈٹ جانے کے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ حلقے محض ایک ڈھیل، ڈیل یا این آر او کی تلاش میں رہتے ہیں تاکہ کسی طرح دوبارہ اقتدار میں آ سکیں۔

ملاقات کے سیاسی اثرات پر بات کرتے ہوئے سینئر اینکر نے واضح کیا کہ اس ملاقات کے حوالے سے حکومت مکمل طور پر آن بورڈ تھی اور اس کے بعد جو تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

ان کی اطلاعات کے مطابق ایسا کچھ نہیں ہے اور تحریک انصاف کی اقتدار میں واپسی کا فی الحال کوئی آپشن موجود نہیں۔

البتہ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ عمران خان یا بشریٰ بی بی کی ذات کی حد تک کوئی معمولی ریلیف یا منتقلی جیسے چھوٹے معاملات ضرور ہو سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کی اندرونی سیاست کا تجزیہ کرتے ہوئے غریدہ فاروقی نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس ملاقات کے لیے لطیف کھوسہ کو بھیج کر ایک بڑی غلطی کی ۔

ملاقات کے بعد جس طرح لطیف کھوسہ نے باہر آ کر بلڈ پریشر، ڈاکٹروں کی رائے اور 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کی اس پر خود پی ٹی آئی نے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا جبکہ سلمان صفدر نے بھی نہایت نپی تلی ٹویٹ کی۔

انہوں نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بیرسٹر گوہر ملاقاتوں کا انتظام کروا رہے ہیں تو خود جا کر ملاقات کیوں نہیں کرتے یا سلمان اکرم راجہ کو کیوں نہیں بھیجتے؟ ۔

غریدہ فاروقی نے بیرسٹر سیف کے سابقہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا انہیں واقعی یہ خدشہ ہے کہ ملاقات کی صورت میں انہیں عہدوں سے تبدیل کر دیا جائے گا اور اگر ایسا خطرہ واقعی موجود ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آج بھی عمران خان اور ان کی قیادت کے درمیان مکمل اعتماد موجود نہیں ہے۔

فضل الرحمان اور جے یو آئی (ف) کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے غریدہ فاروقی نے کہا کہ جے یو آئی کی جانب سے پیغام رسانی ضرور ہوئی ہے تاہم معاملہ کسی حتمی سیٹلمنٹ کی طرف جائے گا اور نہ ہی مزید گھمبیر ہوگا بلکہ فی الحال اسٹیٹس کو برقرار رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : گلگت سے ہندور کا سفر ماتم میں تبدیل : مسافر وین دریا میں گرگئی ، 11 افراد جا ں بحق متعدد زخمی ہسپتال منتقل!

ان کے مطابق سیاسی درجہ حرارت نہ بڑھے گا اور نہ ہی کم ہوگا تاہم پیش رفت کے لیے مولانا فضل الرحمان کو ایک قدم آگے بڑھانا پڑے گا اور اپنے سابقہ بیانات پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی کو بخوبی احساس ہے کہ ان کی ریڈ لائن کہاں تک ہے اور وہ اپنی حدود میں رہ کر ہی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

Scroll to Top