وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے اس تاثر کو مسترد کر دیا ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم کی منظوری یا پیش رفت کے لیے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات کروائی گئی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 28ویں ترمیم کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائے جانے سے متعلق پھیلائی جانے والی سازشی تھیوری بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔
حکومت اور ریاستی اداروں کے باہمی تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم سے اداروں کی دوری نہ کبھی ہوئی ہے اور نہ ہی آئندہ کبھی ہو سکے گی۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ہمارے اس مضبوط اعتماد کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شخصیات ہیں۔
رانا ثناء اللہ کے اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں 28ویں آئینی ترمیم اور حالیہ ملاقاتوں کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔
حکومتی حلقوں اور حامی مبصرین کا مؤقف ہے کہ مشیر وزیراعظم کے واضح بیان سے ان تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے جن میں قانونی و آئینی ملاقاتوں کو کسی مجوزہ آئینی ترمیم یا پسِ پردہ سیاسی مفاہمت سے جوڑا جا رہا تھا اور اس سے سول و عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی کی عکاسی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تین گھنٹے کی ملاقات ،پی ٹی آئی کا من گھڑت بیانیہ بے نقاب ، سینئر اینکر غریدہ فاروقی نے سب کچاچٹھا کھول دیا!
دوسری جانب اپوزیشن حلقوں اور ناقدین کا کہنا ہے کہ ملک میں مجوزہ آئینی ترامیم اور سیاسی قیدیوں سے ملاقاتوں کے طریقہ کار پر ابہام برقرار ہے جس کے باعث مختلف قیاس آرائیاں جنم لیتی ہیں۔
اس طبقے کے مطابق پارلیمانی و آئینی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے تاکہ غیر ضروری افواہوں اور سازشی تھیوریوں کی گنجائش باقی نہ رہے۔





