پشاور: سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کا نجی جرگے منعقد کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، سنیچرز اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت۔پشاور میں نجی جرگوں کے انعقاد کے خلاف پولیس نے سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
نجی سطح پر جرگے منعقد کرنے والوں کے خلاف قانونی شکنجہ تیار کرلیا گیا، جبکہ ایسے جرگوں کے لیے استعمال ہونے والے ہوٹلز اور شادی ہالز کو بھی سیل کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پولیس کے اس فیصلے کے بعد نجی جرگوں کے انعقاد میں ملوث افراد اور انہیں جگہ فراہم کرنے والے ہوٹلوں اور شادی ہالز کی انتظامیہ کو بھی خبردار کردیا گیا ہے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے واضح کیا ہے کہ شہر میں نجی جرگے منعقد کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ایسے جرگوں کے انعقاد کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
اس حوالے سے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیر صدارت پولیس کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : صحت دشمن مافیا کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن، مضر اور سڑا ہوا زہریلا گوشت، جعلی شہد اور بدبودار تیل برآمد کر کے تمام مکروہ اڈے خاک میں ملا دیے
اجلاس میں پولیس کی کارکردگی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور شہریوں کو درپیش مسائل پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران سٹریٹ کرائمز میں اضافے کی روک تھام اور شہریوں کو لوٹ مار سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
سی سی پی او نے واضح کیا کہ سڑکوں پر شہریوں کو نشانہ بنانے والے سنیچرز، چوروں اور دیگر جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ڈاکٹر میاں سعید احمد نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی گھیرا مزید تنگ کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔
اجلاس میں ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کے خلاف بھی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سی سی پی او نے کہا کہ شہر میں اسلحے کی غیر ضروری نمائش اور ہوائی فائرنگ جیسے اقدامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔
سی سی پی او پشاور نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سماجی برائیوں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پولیس کو اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے 13 سالہ اقتدار میں صحت کا شعبہ تباہ، باجوڑ سے دیر تک ہسپتال لاوارث، عوام علاج کے لیے ترس گئے
انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کی شکایات پر فوری توجہ دی جائے۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ فرائض میں غفلت، لاپرواہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر پشاور پولیس کو جرائم کے مؤثر تدارک، نجی جرگوں کے خلاف قانونی کارروائی، منشیات فروشوں کے خاتمے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
پولیس کے اس نئے فیصلے کے تحت اب نجی جرگوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ ایسے اجتماعات کے لیے جگہ فراہم کرنے والے ہوٹلز اور شادی ہالز بھی کارروائی کی زد میں آسکتے ہیں۔ پشاور پولیس نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ شہر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔





