پشاور:مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے صوبے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 35 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اس موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب آپریشن ہماری سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند عزم اور مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیاں اور گراں قدر خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
مشیر گورنر کا مزید کہنا تھا کہ 35 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور بروقت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں نجی جرگے کرانے والوں کی شامت، پولیس کا بڑا فیصلہ، جرگوں کے لیے استعمال ہونے والے ہوٹلز اور شادی ہالز بھی سیل کرنے کا اعلان
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور معصوم شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی تمام کوششیں انتہائی قابلِ ستائش ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس پرعزم جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبہ پوری قوم کے لیے حوصلے کا استعارہ ہے۔
پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے تمام دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے قومی یکجہتی، تمام ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مسلسل مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
بیان کے آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اس کڑے وقت میں بھی اپنی غیور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔





