پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دورہ کیا اور کوہاٹ میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دلیرانہ مقابلے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آئی جی پی نے ہسپتال میں داخل تمام زخمی جوانوں کے بستروں پر جا کر ان کی خیریت دریافت کی، گذشتہ روز پیش آنے والے خونریز مقابلے کی تفصیلات معلوم کیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں سے زخمی اہلکاروں کے زخموں کی نوعیت اور جاری علاج معالجے پر بریفنگ لی اور سختی سے ہدایت کی کہ ان جانبازوں کے علاج میں کسی قسم کی کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان بہادر سپاہیوں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر پورے صوبے کے عوام کا سر فخر سے بلند کیا ہے، لہٰذا ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے اور تمام تر جدید طبی سہولیات کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا، 20 کلو تھیلا 3500 روپے تک پہنچ گیا
زخمی اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی ذوالفقار حمید نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اگلے مورچوں پر لڑنے والے یہ جوان ہمارے اصل قومی ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جس بے مثال جرات، دلیری اور پامردی سے دشمن کا مقابلہ کیا، وہ نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پورے خیبر پختونخوا کے لیے باعثِ فخر ہے اور ان کا یہ بلند حوصلہ پوری فورس کے لیے مشعلِ راہ اور قابلِ تقلید ہے۔
آئی جی پی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر خاک میں ملایا جائے گا۔
دورے کے اختتام پر آئی جی خیبر پختونخوا نے زخمی اہلکاروں میں موقع پر مالی امداد بھی تقسیم کی اور ان کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ محکمہ پولیس اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور علاج معالجے سمیت ہر محاذ پر ان سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔





