اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی بے پناہ معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ ملک میں کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے اور مستقبل میں بھی یہ اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، ترقیاتی منصوبوں اور اس سے وابستہ تمام افراد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے معاشی ویژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں ہے، بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دشمن کی گولیوں کا سینہ تان کر مقابلہ کرنے والے جانبازوں نے تاریخ رقم کر دی، آئی جی خیبر پختونخوا کی ہسپتال انتظامیہ کو زخمی غازیوں کو بہترین اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایت
ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے تمام بین الاقوامی و ملکی شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف سفر کرنا ہوگا۔
معدنی ترقی کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو براہِ راست فائدہ پہنچنا لازم ہے۔ معدنیات سے مالا مال علاقوں کے مکینوں کو اپنی روزمرہ زندگیوں میں ٹھوس اور واضح بہتری نظر آنی چاہیے۔
پاکستانی قوم کی عزم و ہمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں جن میں اپنے خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔
ہمارے قدرتی وسائل ہمیں بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ نتائج کے حصول کے لیے ہمارے عوام ہی طاقت اور عزم کا اصل سرچشمہ ہیں۔
پاکستان ہمیشہ زندہ باد





