قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے صوبے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہم قیادت کے خلاف کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائریوں میں تیزی لائی ہے اور اس سلسلے میں متعدد اہم نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
نیب کی جانب سے 13 نومبر 2026 کو باضابطہ طور پر دو الگ الگ اور اہم نوعیت کے انکوائری نوٹس جاری کیے گئے ہیں جن میں ایک نوٹس سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف جاری کیا گیا ہے جبکہ دیگر نوٹسز وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کے کیس سے جڑے گواہوں کو بھیجے گئے ہیں۔
اسد قیصر کے خلاف جاری ہونے والے نوٹس کے تحت پشاور کے یونیورسٹی ٹاؤن میں واقع رجسٹرار آف فرمز کے ڈائریکٹر سے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے تاکہ اثاثہ جات اور کاروباری شراکت داریوں کی جانچ کی جا سکے۔ اس انکوائری کے دائرہ کار میں سابق اسپیکر کے علاوہ ان کے اہل خانہ اور قریبی عزیز و اقارب بھی شامل ہیں۔ جن افراد کے ناموں اور کوائف پر تفصیلات طلب کی گئی ہیں ان میں فرح دیبا، ظل قیصر، حشیر قیصر، عیشا قیصر، احمد قیصر، مطلوب احمد، عبدالوحید، عقیب اللہ خان اور عدنان خان کے نام شامل ہیں. نیب نے ان تمام افراد کے نام پر درج یا ماضی میں موجود تمام رجسٹرڈ پارٹنرشپ فرمز، ان کے کاروباری پتے اور شراکت داری کی مکمل تاریخچہ و دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے.
دوسری جانب ڈاکٹر امجد علی، ایم پی اے اور معاونِ خصوصی برائے ہاؤسنگ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور کرپٹ پریکٹسز کی انکوائری کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔ موصولہ نوٹسز کے مطابق اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں جائیداد کی مد میں لاکھوں اور کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کرنے والے متعدد افراد کو بطور گواہ طلب کیا گیا ہے. ان گواہوں میں عمران علی، کامران علی، کاشف علی، وقار علی، ضیاء الرحمان، عبدالحمید خان، کرامت علی اور وہاب خان سمیت دیگر افراد شامل ہیں جنہوں نے مذکورہ سوسائٹی میں پلاٹس یا پراپرٹی کی خریداری کے لیے بھاری رقوم کی ادائیگی کی تھی.
نیب حکام کی جانب سے ان تمام گواہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اور 19 نومبر 2026 کو نیب خیبرپختونخوا کے پی ڈی اے کمپلیکس حیات آباد پشاور میں قائم کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور اپنی مالی لین دین، فرمز اور پراپرٹی سے متعلق تمام تر اصلی دستاویزات و بیانات ریکارڈ کروائیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان نوٹسز کے بعد پی ٹی آئی کی اس اہم قیادت کی قانونی مشکلات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ نیب اب فنانشل ٹراجیکشنز اور کاروباری ذرائع کی گہرائی سے جانچ پڑتال کر رہا ہے۔





