شمالی وزیرستان کےعلاقے بویامیں سیکیورٹی فورسز کی تازہ کارروائی میں مزید 2 خوارجیوں کی ہلاکت کے بعد آج کے روز مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد 18 تک جا پہنچی ہے جبکہ جاری آپریشن کے دوران اب تک مجموعی طور پر 83 سے 93 خوارجی جہنم واصل کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بویا سیکٹر میں دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت کو تھرمل امیجنگ کیمروں کے ذریعے ٹریک کیا گیا جو منذر خیل سے ڈیگن کی طرف بڑھ رہے تھے۔
جب یہ عناصر ڈیگن فاریسٹ کے آؤٹ سکٹس میں واٹر ٹینک کے قریب پہنچے تو سیکیورٹی فورسز نے موثر ضرب لگاتے ہوئے 1 خوارجی کو موقع پر ہی ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔
اس دوران 20 بلوچستان رجمنٹ کے افسران کی زیر قیادت دستوں نے فوری اور جاندار جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسنائپر فائر کے ذریعے 1 اور خوارجی کو بھی ٹھکانے لگا دیا۔
کارروائی کے بعد خراب موسم اور شدید دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زخمی خوارجی قریبی علاقوں کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سخت ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز نے موقع سے 2 خوارجیوں کی لاشیں، 1 چینی ایس ایم جی اور بائی پاڈ سے لیس M16 رائفل اپنی تحویل میں لے لی ہے۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران دہشت گردوں کے خلاف کی گئی مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 81 سے 91 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 42 سے 47 کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
خوارجی عناصر کے خلاف اب تک کے مجموعی آپریشنز کے اعداد و شمار کے مطابق پری لیمنری آپریشن میں 47 سے 54 خوارجی ہلاک اور 37 سے 42 زخمی ہوئے، کنڈکٹ فیز اسٹیج ون کے دوران 18 سے 21 خوارجی ہلاک اور 5 زخمی ہوئے، جبکہ آج 13 نومبر کو اب تک مجموعی طور پر 18 خوارجی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 9 لاشیں برآمد کی گئیں اور 2 لاشیں جل چکی ہیں۔





