انصاف اب دہلیز پر، ضلع خیبر میں خواتین کی پہلی کھلی کچہری کا کامیاب انعقاد،خواتین کی بھرپور شرکت،متعدد مسائل موقع پر حل!

خواتین کی انصاف تک رسائی کو مضبوط بنانے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے دفتر محتسب سیکریٹریٹ خیبرپختونخوا نے ضلع خیبر میں پہلی بار کھلی کچہری کا کامیابی سے انعقاد کیا۔

اس تاریخی اقدام کا مقصد بالخصوص کمزور اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اپنے مسائل بیان کرنے اور ان کے فوری حل کے لیے ایک براہِ راست پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔

کھلی کچہری کے دوران ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل بلاجھجک متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیے۔

حکام کی جانب سے خواتین کی شکایات کو پوری توجہ کے ساتھ سنا گیا جبکہ متعدد معاملات پر موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں حل کر دیا گیا جس سے شکایت کنندگان کو بروقت انصاف اور مؤثر ریلیف میسر آیا۔

صوبائی خاتون محتسب خیبرپختونخوا رُباب مہدی نے اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی معاونت نے اس تاریخی اقدام میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر خیبر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر، ضلعی انتظامیہ اور معاون عملے کی بھرپور کاوشوں اور مثالی رابطہ کاری کی بھی تعریف کی۔

مبصرین اور حکام کے مطابق ضلع خیبر میں خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ قبائلی اضلاع کی خواتین میں اپنے قانونی حقوق کے حصول کے حوالے سے شعور اور اعتماد تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

انصاف کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کا یہ اقدام پورے صوبے میں جوابدہ طرزِ حکمرانی اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

پہلی کھلی کچہری کے انعقاد کو مقامی عوامی حلقوں، سماجی کارکنوں اور شہریوں کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔

علاقہ مکینوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں خواتین کو بالخصوص قانونی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے شدید مشکلات کا سامنا رہتا تھا تاہم صوبائی حکومت اور دفتر محتسب کی جانب سے خواتین کی دہلیز پر انصاف پہنچانے کا یہ قدم نہایت خوش آئند ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ثمر ہارون بلور کا پی ڈی ایم اےکا دورہ،عوامی تحفظ اولین ترجیح،185 محفوظ کیمپ سائٹس اور جدید نظام پر بریفنگ

مقامی شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے حکومت کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کھلی کچہری میں شکایات کا موقع پر ازالہ ہونے سے عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی خاتون محتسب اور ضلعی انتظامیہ کی باہمی کاوشوں سے محروم طبقات کی خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی اور امید ظاہر کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ایسے عملی اقدامات کا دائرہ کار دیگر قبائلی اضلاع تک بھی وسیع کیا جائے گا۔

Scroll to Top