مشیرِگورنر خیبرپختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہیں صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل، امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ثمر ہارون بلور نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کا بھی دورہ کیا اور وہاں نصب جدید مانیٹرنگ سسٹم، ریئل ٹائم ڈیٹا، ڈیجیٹل ڈیش بورڈز اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا جائزہ لیا۔
انہیں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے صوبے کے تمام اضلاع میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت و مؤثر ردعمل یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
ہنگامی حالات کے دوران عوام کے تحفظ اور عارضی رہائش کی فراہمی کے لیے صوبے بھر میں 185 محفوظ کیمپ سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ جلوزئی میں قائم ہیومینیٹیرین رسپانس فیسلٹی میں ہنگامی ضروریات کا سامان ذخیرہ کیا گیا ہے۔
عوام کو معلومات، رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 چوبیس گھنٹے فعال ہے۔
قدرتی آفات کی بروقت نشاندہی کے لیے ابتدائی انتباہی نظام (Early Warning System) متعارف کرایا گیا ہے جبکہ متاثرین کو مالی معاونت کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل کمپنسیشن سسٹم اور بحالی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
مشیر گورنر نے جینڈر بیسڈ وائلنس اِن ایمرجنسیز (GBViE) فریم ورک کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا فریم ورک ہے جسے وزیراعظم پاکستان نے عالمی ماحولیاتی کانفرنس (COP29) میں قومی دستاویز کے طور پر پیش کیا۔
یہ فریم ورک ہنگامی حالات میں خواتین، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : دین کے نام پر سیاست، قانون کی باتیں اور احتساب کے وقت فراری؟ اسعد محمود کی عدم پیشی نے سیاسی و مذہبی دعوؤں کامکروہ چہرہ بے نقاب کردیا!
ثمر ہارون بلور نے پی ڈی ایم اے کی مجموعی کارکردگی اور افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید نظام، بہتر منصوبہ بندی اور اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے ادارے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔





