بھارت میں منعقدہ بین الاقوامی جمہوریت سمٹ کے 315 میں سے 115 غیر ملکی مقررین کی شرکت روک دی گئی، اپوزیشن اور صحافتی حلقوں کا شدید احتجاج

دنیا بھر میں خود کو سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر پیش کرنے والے بھارت کا اصل چہرہ ایک بار پھر عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔

بھارت میں منعقدہ ایک بین الاقوامی جمہوریت سمٹ میں شرکت کے لیے آنے والے 115 غیر ملکی مقررین کو عین وقت پر روکنے کا تہلکہ خیز معاملہ سامنے آیا ہےجس نے نریندر مودی کی حکومت کی پالیسیوں، اظہارِ رائے کی آزادی اور سیاسی اختلاف برداشت کرنے کے کھوکھلے دعوؤں پر ایک نئی اور شدید بحث چھیڑ دی ہے۔

مودی سرکار کے اس آمرانہ اقدام پر بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس اور صحافتی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل اور کڑی تنقید سامنے آ رہی ہے۔

کانگریس کے سینئر رہنما اور اقوام متحدہ کے سابق عہدیدار ششی تھرور نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی وزارتِ خارجہ سے باقاعدہ کلیئرنس حاصل کرنے والے کل 315 بین الاقوامی مقررین میں سے 115 کو بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی یا ان کے جاری شدہ ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

یہ افسوسناک پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حیدرآباد دکن میں دو روزہ عالمی جمہوریت سمٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شائننگ انڈیا کا پردہ فاش! عالمی جریدے نے مودی حکومت کے دعوؤں کو چکنا چور کر دیا

جمعے کے روز شروع ہونے والی اس تقریب میں 70 سے زائد ممالک کے تقریباً ایک ہزار مندوبین کو اس لیے مدعو کیا گیا تھا تاکہ جمہوری نظام، آزادیِ اظہار اور میڈیا کے کردار جیسے اہم عالمی معاملات پر کھل کر تبادلہ خیال کیا جا سکے مگر میزبان ملک نے خود ہی دروازے بند کر دیے۔

کانگریس رہنما ششی تھرور نے اس معاملے پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ جب وزارتِ خارجہ نے خود ان مقررین کو منظوری دے دی تھی تو پھر اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی مہمانوں کو روکنے کا فیصلہ انتہائی تشویشناک ہے۔

ان کے مطابق یہ پابندیاں بظاہر بھارتی وزارتِ داخلہ کی براہِ راست ہدایات پر لگائی گئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جمعے کو جاری اپنے بیان میں ششی تھرور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح کرے کہ آخر کس قانونی اختیار کے تحت پہلے سے منظور شدہ ویزے منسوخ کیے گئے اور غیر ملکی شرکا کو داخلے سے محروم رکھا گیا؟۔

انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ ایک ایسا ملک جو اپنی جمہوری شناخت پر فخر کرتا ہے تنقیدی آوازوں کے حوالے سے اس قدر خوفزدہ اور غیر محفوظ دکھائی دیتا ہے۔

اس پورے تنازع میں ناروے سے تعلق رکھنے والی معروف صحافی ہیلے لنگ (Helle Lyng) کا معاملہ عالمی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

ہیلے لنگ کو اس جمہوریت سمٹ میں میڈیا اور پریس کی آزادی کے موضوع پر اظہارِ خیال کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا تاہم بھارت روانگی سے محض کچھ دیر قبل ان کا ویزا اچانک منسوخ کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق نارویجن صحافی ہیلے لنگ نے رواں سال مئی میں اوسلو میں منعقدہ ایک پریس بریفنگ کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے براہِ راست ایک تیکھا سوال پوچھا تھا جب مودی ناروے کے دورے پر موجود تھے۔

صحافی کے ویزے کی منسوخی کی ٹائمنگ نے اس حقیقت کو مزید واضح کر دیا ہے کہ مودی حکومت نہ صرف ملکی بلکہ حکومتی پالیسیوں پر نقید کرنے والے بین الاقوامی صحافیوں اور مقررین سے بھی انتقام لینے پر اتر آئی ہے۔

دوسری جانب بھارت کی معتبر صحافتی تنظیم ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے بھی غیر ملکی مقررین اور صحافیوں کے ویزوں کی منسوخی پر شدید تحفظات اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔

تنظیم نے حکومت کے اس اقدام کو بیوروکریٹک اختیارات سے صریحاً تجاوز قرار دیتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ویزے منسوخ کرنے کی اصل وجوہات فوری طور پر عوام کے سامنے لائی جائیں اور اس متنازع فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

ایڈیٹرز گلڈ کے اس سخت ردعمل نے اس تنازع کو محض ویزوں کی منسوخی تک محدود نہیں رہنے دیا بلکہ بھارت میں صحافتی آزادی اور بین الاقوامی سطح پر اظہارِ رائے کے سکڑتے ہوئے مواقع کو بھی عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔

اس واقعے نے عالمی برادری کے سامنے بھارت کی نام نہاد جمہوری ساکھ کو بری طرح مجروح کر دیا ہے۔

ایک طرف نئی دہلی دنیا بھر میں خود کو جمہوریت کی ماں اور سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر پیش کرتا ہے، تو دوسری طرف خود اپنے ہی ملک میں جمہوریت اور آزادیِ اظہار پر ہونے والی عالمی کانفرنس کے دروازے غیر ملکی مقررین پر بند کر دیتا ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں اور عالمی مبصرین کے مطابق جمہوریت پر مباحثے کی میزبانی کرنے والے بھارت کو اب اپنے ان آمرانہ ویزا فیصلوں کی وجہ سے پوری دنیا کے سامنے شرمندگی اور سخت سوالات کا سامنا ہے۔

عالمی صحافتی تنظیموں، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور سیاسی مبصرین نے مودی سرکار کے اس اقدام کو جمہوری اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی ریاست آسام میں خونریز ٹریفک حادثہ، بس اور ٹرک تصادم میں 23 افراد ہلاک،متعدد زخمی!

مبصرین کا کہنا ہے کہ کسی صحافی کا ویزا محض اس لیے منسوخ کر دینا کہ اس نے وزیراعظم سے سوال پوچھا تھا، اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ بھارتی حکومت میں اختلافِ رائے برداشت کرنے کی سکت ختم ہو چکی ہے۔

عالمی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت عالمی فورمز پر جمہوریت کے دعوے کرنے سے قبل اپنے ملک میں اظہارِ رائے اور پریس کی آزادی کو یقینی بنائے۔

Scroll to Top