پشاور :بجلی چوروں کے گرد گھیرا تنگ: 6 ٹرانسفارمرز اور 143 غیر قانونی کنکشنز منقطع

پشاور میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف پیسکو اور پولیس نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر متعدد ٹرانسفارمرز اور درجنوں غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دیے ہیں۔

پیسکو کے چیف ایگزیکٹو اختر حمید خان اور سپرنٹنڈنگ انجینئر پشاور سرکل ارباب فاروق کی خصوصی ہدایات پر وزیر باغ سب ڈویژن کی ٹیموں نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ لائن لاسز میں کمی اور واجبات کی وصولی کے لیے خصوصی آپریشن کیا۔

ایس ڈی او آپریشن وزیر باغ سب ڈویژن خالد خان کی نگرانی میں 11 کے وی کاکشال فیڈر کے علاقے محلہ میاں گان گلدرہ میں کی جانے والی اس مشترکہ کارروائی کے دوران بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔

کارروائی کے دوران 200 کے وی اے کے 5 اور 100 کے وی اے کے 1 ٹرانسفارمر سمیت مجموعی طور پر 6 ٹرانسفارمرز منقطع کر دیے گئے جبکہ 143 ڈائریکٹ غیر قانونی کنکشنز بھی کاٹ دیے گئے۔

انتظامیہ کے مطابق منقطع کیے گئے کنکشنز اور ٹرانسفارمرز کے صارفین کے ذمہ 1 کروڑ 19 لاکھ روپے یعنی 11.9 ملین روپے کے بھاری بقایا جات واجب الادا تھے۔

پیسکو حکام نے واضح کیا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے اور نادہندگان سے ریکوری کے لیے پولیس کے تعاون سے یہ مشترکہ آپریشنز بلا تفریق جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : سونا مزید سستاہوگیا،خریداروں کیلئے خوشخبری

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے واجبات بروقت ادا کریں اور بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں۔

Scroll to Top