خیبر پختونخوا کے اضلاع نوشہرہ اور کوہاٹ میں طویل عرصے سے قومی خزانے اور قدرتی وسائل کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو مافیا کے قبضے سے آزاد کروا لیا ہے۔
13 سال بعد قانون کی عملداری کے اس بڑے مظاہرے میں نہ صرف بااثر عناصر کا منظم نیٹ ورک توڑا گیا بلکہ ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے اربوں روپے مالیت کی بھاری مشینری اور ایندھن بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
نوشہرہ کے علاقے جبی نظام پور اور کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں دریائی گزرگاہوں سے سونا نکالنے کا غیر قانونی دھندہ ایک منظم جرائم پیشہ مافیا کی شکل اختیار کر چکا تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اس لوٹ مار کے پیچھے سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے بااثر عناصر کی پشت پناہی شامل تھی جنہوں نے مقامی ماحول اور قدرتی وسائل کو شدید نقصان پہنچایا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جبی نظام پور میں بھرپور آپریشن کرتے ہوئے طویل عرصے سے مافیا کے تسلط میں رہنے والے علاقے کو غیر قانونی کان کنی سے مکمل طور پر کلیئر کروا لیا۔
نوشہرہ میں جاری ان کارروائیوں کے دوران بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 939 مقدمات درج کیے گئے اور ایک ہزار سے زائد ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
سال 2026 کے دوران ہونے والے ان آپریشنز میں مافیا کے زیرِ استعمال 8 لاکھ 90 ہزار 924 لیٹر آئل، 519 کاٹن موبل آئل اور 15 آئل ٹینکرز سمیت 76 ایکسکیویٹرز، 762 گاڑیاں، دریا میں استعمال ہونے والی 15 کشتیاں اور کان کنی کا 866 متفرق سامان ضبط کیا گیا۔
دوسری جانب کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں بھی غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے 6 نومبر 2026 کو بڑا آپریشن شروع کیا، جس کے دوران علاقے سے مجموعی طور پر 15 ہزار 540 مشینری یونٹس ہٹا دیے گئے۔
ہٹائی گئی بھاری مشینری میں 8 ہزار 350 ٹریکٹر ٹرالیاں، 3 ہزار 660 ایکسکیویٹرز، 1 ہزار 730 ڈائنامو والی ٹریکٹر ٹرالیاں، 1 ہزار 600 ڈمپرز اور 200 ہیوی لوڈرز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آپ کے نام پر کتنی سمز ہیں؟ پی ٹی اے کا حیران کن اقدام، صارفین کے لیے بڑی خبر
انتظامی و پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد غیر قانونی کان کنی کا مکمل خاتمہ اور سرکاری و قدرتی وسائل کا تحفظ ہے، اب کسی کو بھی سیاسی اثر و رسوخ یا سرپرستی کی آڑ میں قومی وسائل لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔





