پشاور:پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر (آپریشن) پشاور سرکل ارباب فاروق اور ایکسئین سٹی ڈویژن امین اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایس ڈی او وزیر باغ سب ڈویژن نے پولیس اسکواڈ کے بھرپور اشتراک سے علاقہ ککشال میں ایک کامیاب شبانہ (نائیٹ) انسدادِ بجلی چوری آپریشن کیا۔
اس کارروائی کا بنیادی مقصد صوبے بھر سے بجلی چوری کے ناسور کا خاتمہ، نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنانا اور لائن لاسز میں نمایاں کمی لانا ہے۔
آپریشن کے دوران پیسکو اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے سخت چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے موقع پر 9 غیر قانونی ڈائریکٹ بجلی کے کنکشنز کا سراغ لگایا اور انہیں فوری طور پر منقطع کر دیا۔
یہ کارروائی خاص طور پر ان مستقل منقطع (PD) نادہندگان کو ہدف بنا کر کی گئی جنہوں نے اپنے واجبات ادا کرنے کے بجائے غیر قانونی طریقے سے کچی تاروں اور ڈائریکٹ کنکشنز کے ذریعے بجلی کی سپلائی دوبارہ بحال کی ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : دالبندین ایئرپورٹ پر حملے کا منصوبہ ناکام: خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کا پلان خاک میں ملا دیا
پیسکو کی تکنیکی ٹیموں نے موقع پر ہی تمام غیر قانونی کنکشنز کو مکمل طور پر اکھاڑ باہر کیا تاکہ بجلی کی چوری کے اس تسلسل کو روکا جا سکے۔
کارروائی کے دوران قانون شکنی کرنے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی ایکشن لیا گیا۔ پولیس اسکواڈ نے ڈائریکٹ کنکشن کے ذریعے بجلی چوری کرنے میں ملوث ایک ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر کے قریبی لاک اپ میں منتقل کر دیا، جس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے گرینڈ اور سرپرائز آپریشنز اس عزم کا حصہ ہیں کہ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور بجلی چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ادارے کے مطابق عوام کو بلاتعطل اور بہتر بجلی کی فراہمی کے لیے اس قسم کے فالو اپ آپریشنز کا سلسلہ مستقبل میں بھی پورے عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔





