مانسہرہ: جھیل سیف الملوک اور ملحقہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے جھیل کی جانب جانے والی سڑک کو فوری طور پر بند کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس مانسہرہ سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) اور مقامی پولیس کی رپورٹس سمیت محکمہ موسمیات کی جانب سے ناران اور گردونواح میں مزید بارشوں اور شدید برفباری کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ سڑک پر برف جمع ہونے، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہو گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے تحت جھیل سیف الملوک کی طرف جانے والا راستہ تا حکمِ ثانی ہر قسم کی گاڑیوں اور پیدل آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : شادی کی خوشیاں حوالات میں تبدیل؛ پشاور میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر 4 دلہوں سمیت 11 ملزمان گرفتار
واضح رہے کہ حالیہ برفباری کے دوران جھیل سیف الملوک پر 2 فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، جس سے پیدا ہونے والی شدید پھسلن کے باعث سڑک پر ٹریفک پہلے ہی معطل تھی۔
مقامی انتظامیہ نے سیاحوں اور شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا حادثے سے بچنے کے لیے جھیل روڈ کا رخ کرنے سے مکمل گریز کریں۔
تاہم انتظامیہ کے مطابق شاہراہِ کاغان ناران تک ٹریفک کے لیے کھلی ہے جہاں مسافر اور سیاح ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سفر کر سکتے ہیں۔





