کابل حکومت سن لے، جب تک پاکستان کے سکیورٹی خدشات ختم نہیں ہوتے، تجارت اور تعاون کا ہر دروازہ مستقل بند رہے گا، پاکستان

اسلام آباد : اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان نے کابل حکومت کو ایک بار پھر واضح اور دوٹوک الفاظ میں بتا دیا ہے کہ خطے میں تجارتی اور معاشی ترقی کا ڈھنڈورا تب تک نہیں پیٹا جا سکتا جب تک افغان سرزمین پاکستان اور ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کابل حکام کو کٹھہرے میں کھڑا کرتے ہوئے صاف کہہ دیا کہ امن، تجارت اور ٹرانزٹ کے راستے اس وقت تک کھل نہیں سکتے جب تک افغان حکومت اپنی سرزمین پر بیٹھے دہشتگردوں کا قلع قمع اور ہمسایہ ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات کا خاتمہ نہیں کرتی۔

اسلام آباد میں جاری اس ای سی او اجلاس میں جہاں ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور قازقستان سمیت دیگر رکن ممالک کے وفود موجود ہیں، پاکستان نے دوٹوک انداز میں واضح کر دیا ہے کہ دہشتگردوں کی پشت پناہی اور خطے میں بدامنی پھیلانے کے کھیل کو اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 ریاست کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ معاشی تعاون اور علاقائی روابط کے لیے سب سے پہلی شرط امن اور محفوظ ماحول ہے، لیکن اگر افغان حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے فرار اختیار کریں گے تو تجارتی راستے اور ترقیاتی منصوبے بھی اسی عدم استحکام کی بھینٹ چڑھ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : بین الاقوامی اداروں کو جھوٹے خطوط لکھوانے والا سازشی ٹولہ، پی ٹی ایم کا اصلی غدار روپ عوام کے سامنے آ گیا

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ کی مشترکہ اور فعال حکمت عملی کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر پُرامن حل کی راہ تو ضرور ہموار کرنا چاہتا ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ای سی او کی 2027-2026ء کی سربراہی کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے امور کو پاکستان کی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے یہ باور کرا دیا گیا ہے کہ جغرافیائی قربت کو پائیدار خوشحالی میں بدلنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

پاکستان نے رکن ممالک پر واضح کر دیا ہے کہ اب محض کاغذی اعلانات اور روایتی ڈپلومیسی کا وقت ختم ہو چکا ہے،خطے کے عام لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانے اور معاشی روڈ میپ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام عناصر کو دہشتگردی کے ناسور کے خلاف ایک پیج پر آنا ہوگا، بصورت دیگر پسماندگی اور بدامنی کا یہ طوفان کسی کو نہیں بخشے گا۔

Scroll to Top