موٹر سائیکل کی معمولی تکرار پر ماموں زاد بھائیوں کی فائرنگ، پشاور میں دو کم عمر بھائی قتل

پشاور: صوبائی دارالحکومت میں رشتوں کو تار تار کرنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں پشاور کے علاقہ تھانہ خزانہ کی حدود میں واقع چوکی صوبت خان گھڑی میں معمولی تلخ کلامی اور موٹر سائیکل کے تنازعے پر ماموں زاد بھائیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا۔ اس افسوسناک فائرنگ کے نتیجے میں دو کم عمر سگے بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ صوبت خان گھڑی میں پیش آیا جہاں ماموں زاد بھائیوں کے مابین موٹر سائیکل کے معاملے پر تکرار شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے اتنی بڑھ گئی کہ بات خونی تصادم اور فائرنگ تک جا پہنچی۔

فائرنگ کے اس لرزہ خیز واقعے میں دو کم عمر سگے بھائی جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس اور سوگ کی فضا پھیل گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن خزانہ اور چوکی صوبت خان گھڑی کی پولیس ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

 پولیس نے دونوں مقتول سگے بھائیوں کی لاشیں تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : افغان بچوں کو جاری کردہ 3500 سے زائد مشکوک پاکستانی پیدائشی سرٹیفکیٹس منسوخ کرنے کی سفارش، ملوث سابق بلدیاتی نمائندوں اور اہلکاروں کے خلاف گھیرا تنگ

دوسری جانب اس اندوہناک سانحے پر مقتول کم عمر بھائیوں کے غم سے نڈھال لواحقین نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، انسپکٹر جنرل آف پولیس(آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید اور سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید خان سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کی پُرزور اپیل کی ہے۔

 لواحقین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دو معصوم بھائیوں کے ناحق قتل میں ملوث سفاک ملزمان کو بلاتاخیر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دلوا کر متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی تمام زاویوں سے جامع تفتیش جاری ہے۔

Scroll to Top