بحرین میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق بڑی سہولت متعارف

منامہ: بحرین میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق اہم سہولت فراہم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستانی سفارت خانہ 29 نومبر 2026 سے پاسپورٹ کی تمام خدمات کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم متعارف کروا رہا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سفارت خانہ پاکستان منامہ کی جانب سے یہ اقدام کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ آن لائن اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کے طریقہ کار اور دیگر ضروری تفصیلات سے پاکستانی کمیونٹی کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔دوسری جانب بحرین نے ملک میں مقیم رہائشیوں کے لیے قومی صحت انشورنس پروگرام کا بھی باضابطہ آغاز کردیا ہے۔

 یہ اقدام بحرین کے وژن 2030 اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے جامع منصوبے کا حصہ ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سپریم کونسل آف ہیلتھ (ایس سی ایچ) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر شیخ محمد بن عبداللہ آل خلیفہ کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد بحرین کے صحت کے نظام کو مزید مستحکم بنانا اور مقیم ورکرز کو طبی سہولیات تک منظم رسائی فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی سیاسی چال، لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست بری طرح ناکام، کورٹ کو خط لکھ کر این آر او مانگنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا گیا

نئے لازمی ہیلتھ انشورنس پیکیج میں بنیادی اور ثانوی طبی سہولیات، ہنگامی طبی امداد اور حادثات کے بعد علاج معالجے کی سہولت شامل ہے۔نئے قوانین کے تحت ہیلتھ انشورنس کو رہائشی اور ورک پرمٹ کے حصول یا تجدید سے بھی منسلک کردیا گیا ہے، تاکہ بحرین میں مقیم افراد کو طبی کوریج کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

یوں بحرین میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ خدمات میں آن لائن اپائنٹمنٹ کی سہولت کے ساتھ رہائشیوں کے لیے صحت انشورنس سے متعلق اہم تبدیلیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

Scroll to Top