ایبٹ آباد: نتھیاگلی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، سوزوکی گاڑی گہری کھائی میں جاگری، خاتون جاں بحق، دو افراد زخمی

ایبٹ آباد: نتھیاگلی کے علاقے دکھن نلوٹھہ میں تیز رفتار سوزوکی گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں 40 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کے ترجمان کے مطابق حادثہ دکھن نلوٹھہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں سوزوکی گاڑی میں مجموعی طور پر تین مقامی افراد سوار تھے۔ گاڑی اچانک بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جاگری، جس کے باعث گاڑی میں سوار افراد حادثے کا شکار ہوگئے۔

حادثے میں 40 سالہ نصرت بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : بحرین میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق بڑی سہولت متعارف

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی مکمل کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق خاتون کی میت کو موچی ٹھارا ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

حادثے کے باعث علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی، جبکہ مقامی افراد نے پہاڑی علاقوں کی خطرناک سڑکوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں ایک خاتون جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے۔

Scroll to Top