ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جہاں فی تولہ سونا یکدم دو ہزار روپے سستا ہو گیا ہے۔
عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں مندی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی نمایاں ہوئے ہیں جس کے بعد زیورات کی خریداری کے خواہشمند شہریوں کو کچھ ریلیف ملا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین نرخوں کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ایک تولہ سونے کا نیا بھاؤ کم ہو کر 4 لاکھ 8 ہزار 936 روپے پر آ گیا ہے۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار 715 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں دس گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 50 ہزار 596 روپے مقرر ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے، آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چیئرمین سینیٹ کا عالمی برادری کو واضح پیغام
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں اس کمی کی بنیادی وجہ عالمی بازار میں سونے کی قدر میں ہونے والی گراوٹ ہے، جہاں سونا 20 ڈالر فی اونس سستا ہو کر 3 ہزار 864 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے۔





