خیبرپختونخوا میں معاشی ترقی و سرمایہ کاری کا بڑا منصوبہ: گانول، کالام اسکی ریزورٹ اور رشکئی زون سمیت 29 میگا پراجیکٹس پر پیش رفت تیز

خیبرپختونخوا میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے صوبے کے 29 اہم ترقیاتی و سیاحتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں مجوزہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بل سمیت رشکئی اکنامک زون اور سیاحتی زونز کی تعمیر پر تفصیلی غور کیا گیا جہاں گورنر نے تمام منصوبوں میں مکمل شفافیت اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے دوٹوک ہدایات جاری کیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ  منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں مشیر برائے منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسلام زیب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران حکام نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے مجوزہ بل، اس کے تنظیمی ڈھانچے، دائرہ کار اور اختیارات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

مزید برآں اجلاس کو صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں انٹیگریٹڈ ٹورازم زون گانول (مانسہرہ)، بویون کالام اسکی ریزورٹ اور رشکئی اسپیشل اکنامک زون سمیت مجموعی طور پر 29 مختلف ترقیاتی و معاشی منصوبوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو فروغ دینے سے نہ صرف نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کی اونچی اڑان کو بریک لگ گئی، سونے کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان

انہوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کی کامیابی کے لیے مکمل شفافیت، مؤثر نگرانی اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

گورنر نے مزید کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نجی شعبے کو مکمل اعتماد، سازگار ماحول اور کاروبار دوست سہولیات فراہم کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔

Scroll to Top