وزیرستان : جنوبی وزیرستان اپر کی سب ڈویژن لدھا میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ایک بڑی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام کے مسائل اور شکایات کی موقع پر شنوائی کی گئی اور حکومت و عوام کے درمیان فاصلے ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
پختون ڈیجیٹل کے خصوصی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری محکموں تک آسان رسائی فراہم کرنا اور مسائل کے فوری حل کے لیے مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دینا تھا۔
اس کھلی کچہری میں ضلعی اور عسکری قیادت نے بھرپور شرکت کی، جن میں مقامی یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، پولیس کے اعلیٰ افسران کے علاوہ مواصلات و تعمیرات، ریسکیو 1122 اور محکمہ ریونیو کے نمائندے بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔
اعلیٰ حکام کی اتنی بڑی سطح پر موجودگی نے علاقے کے مکینوں کے لیے اپنے اجتماعی اور انفرادی مسائل کو براہ راست متعلقہ اداروں کے سربراہان تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے 8 بالائی اضلاع میں برفباری کے پیش نظر ہنگامی الرٹ، پی ڈی ایم اے کا حفاظتی پلان فعال
کھلی کچہری کے دوران مقامی شہریوں نے علاقے کے مختلف امور اور درپیش مشکلات سے متعلق کھل کر بات کی اور اپنی شکایات متعلقہ حکام کے سامنے رکھیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور دیگر محکموں کے افسران نے شہریوں کے مسائل کو انتہائی غور سے سنا، جن میں سے بعض مسائل کو موقع پر ہی حل کرنے کی فوری یقین دہانی کرائی گئی جبکہ دیگر معاملات کے متعلق متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات اٹھانے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس نوعیت کی کھلی کچہریوں کا انعقاد اس بات کا عزم ہے کہ عوام کے مسائل کو دفاتر کے چکر لگائے بغیر ان کے اپنے علاقے میں حل کیا جائے۔
انتظامیہ کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ فلاحی اور انتظامی امور میں شفافیت ہو اور عوامی سہولت کے لیے اس طرح کی کھلی کچہریوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ ضلعی سطح پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا عمل مزید تیز کیا جا سکے۔





