45 سال یا زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل ہوں گی، بورڈ کی منظوری

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں 45 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کی باضابطہ منظوری بی آئی ایس پی بورڈ نے دے دی ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ خواتین بھی مالی معاونت حاصل کرسکیں گی جن کی کبھی شادی نہیں ہوئی اور جن کی عمر 45 سال یا اس سے زیادہ ہے، تاہم انہیں پروگرام کے مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کا مقصد معاشرے کے ایسے مستحق طبقے کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے جو اب تک مختلف وجوہات کی بنا پر امدادی پروگراموں سے محروم رہا ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق ملک بھر میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، جن میں سے تقریباً 50 لاکھ خاندانوں کا تعلق پنجاب سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعدادوشمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر میرٹ اور استحقاق کی بنیاد پر مستحق خاندانوں کی مدد کررہا ہے۔

ڈیجیٹل والٹ اور ون لنک بینکنگ نظام متعارف

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو رقوم کی ادائیگی کے نظام میں بھی اہم تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل موبائل والٹس اور مربوط بینکنگ نظام متعارف کرادیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 9  مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس، تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

نئے نظام کے تحت ون لنک کے ذریعے 6 شراکت دار بینکوں کو آپس میں منسلک کیا گیا ہے، جس کے بعد مستحق خواتین اپنی سہولت کے مطابق ملک بھر میں مختلف مقامات سے امدادی رقم وصول کرسکیں گی اور انہیں مخصوص ادائیگی مراکز یا کیمپوں تک محدود نہیں رہنا پڑے گا۔

مفت سمیں اور ایس ایم ایس الرٹ کی سہولت

سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق مستحق خواتین کو مفت موبائل سمیں فراہم کی گئی ہیں اور ان کے نام پر ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس بھی فعال کیے گئے ہیں۔

نئے نظام کے تحت امدادی رقم اکاؤنٹ میں منتقل ہوتے ہی خواتین کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع موصول ہوگی، جبکہ رقم نکلوانے کے عمل کی تصدیق بھی موبائل پیغام کے ذریعے ممکن ہوگی۔

اس اقدام کا مقصد ادائیگیوں کے عمل کو شفاف بنانا، غیر قانونی کٹوتیوں اور دھوکہ دہی کی روک تھام اور مستحق خواتین کو باعزت طریقے سے مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا قیام 2008 میں عمل میں لایا گیا تھا، جو ملک بھر کے مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا ایک بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے۔

Scroll to Top