13 برس تک لوٹ مار اور نااہلی کے باعث تعلیمی ڈھانچہ کھنڈر بن گیا، قبائلی اضلاع سمیت پختونخوا کے 12 اضلاع میں تعلیمی بحران، 382 اسکول بند

پشاور: خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں سرکاری تعلیمی اداروں کی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے محکمہ تعلیم کی ایک تفصیلی رپورٹ منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس کے مطابق ان اضلاع میں 382 تعلیمی ادارے گزشتہ کئی برسوں سے غیر فعال ہیں، جن میں اکثریت قبائلی اضلاع کے پرائمری اسکولوں کی ہے۔

محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں امن و امان کی خراب صورتحال، سیلاب، علاقائی تنازعات اور عدالتی مقدمات کے باعث سینکڑوں اسکول بند پڑے ہیں۔

 رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان 12 اضلاع میں اساتذہ کی مجموعی طور پر 51 ہزار 614 منظور شدہ آسامیوں کے مقابلے میں صرف 42 ہزار 777 اساتذہ تعینات ہیں، جس کے نتیجے میں 8 ہزار 837 آسامیاں (تقریباً 17 فیصد) خالی پڑی ہیں۔

 مزید برآں درجنوں اسکول تاحال چار دیواری سے محروم ہیں جبکہ سینکڑوں تعلیمی اداروں میں بجلی اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں۔

محکمہ تعلیم نے ان بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 3 ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا ہے، جبکہ 50 سے کم طلبہ رکھنے والے 124 اسکولوں کو قریبی تعلیمی اداروں میں ضم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 45 سال یا زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل ہوں گی، بورڈ کی منظوری

خیبر پختونخوا عوام کی جانب سے گزشتہ 13 برسوں کی صوبائی حکومتوں پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ شہریوںکے مطابق گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک صوبے میں احتجاجی سیاست، دھرنوں اور وفاق پر چڑھائی جیسے معاملات کو ترجیح دی گئی، جس کے باعث صوبے میں تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبے شدید متاثر ہوئے۔

 عوام کا الزام ہے کہ گزشتہ ادوار میں مبینہ کرپشن، بدانتظامی اور ذاتی مفادات کی سیاست نے سرکاری اداروں کو کھوکھلا کر دیا، جس کا ثبوت محکمہ تعلیم کی حالیہ رپورٹ میں موجود غیر فعال اسکولوں اور بنیادی سہولیات کے فقدان کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب انتظامی و حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبے میں امن و امان کے قیام، گڈ گورننس اور اداروں کی بحالی کے لیے تیز اور سخت اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 مقامی شہریوں کے مطابق موجودہ انتظامیہ کی اولین ترجیح تعلیم اور صحت کے شعبوں کی اصلاح، کرپشن کا خاتمہ اور قبضہ مافیا سمیت غیر قانونی کان کنی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لانا ہے، تاکہ صوبے کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

Scroll to Top