پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات سوئٹزرلینڈ کے نئے سفیر اسٹیفن رے نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون کے فروغ، نئے معاہدوں، اسٹوڈنٹ ڈپلومیسی، سرمایہ کاری کے مواقع اور صوبے کی ترقیاتی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا براہِ راست تعلق پائیدار امن سے ہے اور ہماری اولین ترجیح دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و استحکام ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی اور ترقی کا پہیہ تیزی سے آگے بڑھے گا، پائیدار امن کے قیام کے سوا ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں اور اس مقصد میں ناکامی ہمارے لیے کوئی آپشن نہیں ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے سوئس سفیر کو صوبے کے ترقیاتی منصوبوں اور وفاقی تعاون سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے بالخصوص ضم شدہ (نامزد) اضلاع کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت نے 160 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہماری بہترین ہم آہنگی ہے، جو صوبے میں ترقی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے، جبکہ عوام کی بہتری اور صوبے کی ترقی کے لیے دیگر صوبوں کے کامیاب ماڈلز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 13 برس تک لوٹ مار اور نااہلی کے باعث تعلیمی ڈھانچہ کھنڈر بن گیا، قبائلی اضلاع سمیت پختونخوا کے 12 اضلاع میں تعلیمی بحران، 382 اسکول بند
ملاقات میں صوبے کے قدرتی وسائل، سرمایہ کاری اور غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا سیاحت، معدنیات، تیل اور قدرتی گیس کے وسیع ذخائر سے مالامال ہے، لہٰذا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کے لیے سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔
اس موقع پر انہوں نے سوئس سفیر کو حالیہ منرل انویسٹمنٹ فورم، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، صوبائی انویسٹمنٹ کمپنی کے قیام اور او جی ڈی سی ایل (OGDCL) کے ساتھ ہونے والی ملاقات سمیت تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
دورانِ ملاقات کاربن کریڈٹ کے امکانات اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر بھی خصوصی بات چیت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس، تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کے قدرتی جنگلات، حیاتیاتی تنوع اور قدرتی وسائل کاربن کریڈٹ کے منصوبوں کے لیے اہم اثاثہ ہیں اور ہم اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق کاربن کریڈٹ کے منصوبوں کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے کے لیے معاشی مواقع اور آمدن کے نئے ذرائع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ملاقات میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (ICRC) کی خدمات اور تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے انسانی ہمدردی، قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی امداد اور متاثرہ افراد کی بحالی کے شعبوں میں آئی سی آر سی کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔
آخر میں گورنر خیبرپختونخوا نے سوئس سفیر اسٹیفن رے کو صوبے میں منعقد ہونے والے پولو فیسٹیول اور اسکیئنگ ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت، ثقافت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بین الاقوامی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔





