خیبرپختونخوا کے اسکولوں میں پانی، بجلی اور واش رومز کا فقدان، پی ٹی آئی کی مجرمانہ نااہلی کی انتہا سامنے آگئی، ایک ہفتے میں خامیاں دور کرنے کا حکم

پشاور: صوبائی محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کی 11ویں ڈسٹرکٹ سروس ڈلیوری کانفرنس کی رپورٹ میں صوبے کے 1501 سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات اور تعلیمی کارکردگی کی صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد گورنر راج کے تحت صوبائی انتظامیہ اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ہدایات پر تعلیمی نظام کی فوری بحالی کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے اجلاس میں پیش کی گئی جائزہ رپورٹ کے مطابق ان 1501 سرکاری اسکولوں میں پینے کے صاف پانی، واش رومز اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی دستیابی کا فقدان پایا گیا، جبکہ اساتذہ اور طلبہ کی حاضری سمیت طلبہ اور اساتذہ کی تعداد کے تناسب (اسٹوڈنٹ ٹیچر ریشو) کو بھی تشویش ناک قرار دیا گیا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے کے 1501 سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کا یہ شدید فقدان اور تعلیمی ڈھانچے کی ابتر صورتحال گزشتہ 13 سالہ پی ٹی آئی دورِ اقتدار کی مبینہ غفلت، ناقص پالیسیوں اور بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔

پختونخوا عوام کے مطابق طویل عرصے تک تعلیمی اصلاحات کے دعوؤں کے باوجود عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث سرکاری اسکول بنیادی ضروریات سے محروم رہے، تاہم اب صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں انتظامیہ نے اس صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اصلاحاتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے 26 نومبر مارچ میں 3 رینجرز اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کے ملزم کی ضمانت منسوخ، عدالت کا یکم مارچ 2025 کا حکم کالعدم قرار

صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مرد و خواتین) کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مل کر ایک ہفتے کے اندر ان تمام اسکولوں کی خامیوں کو دور کریں اور کارکردگی میں 100 فیصد بہتری کو یقینی بنائیں۔

محکمہ تعلیم کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ان اسکولوں کی ماہانہ بنیادوں پر سخت مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ تمام تعلیمی افسران کو آئندہ ہفتے اپنی پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

Scroll to Top