اسرائیلی پارلیمان (کنیسٹ) میں وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے حکومتی اتحاد کو ایک بڑے سیاسی دھچکے کا سامنا کرنا پڑا ہے جہاں حزب اختلاف نے اپنے اتحادی متان کہانا کو پارلیمان کا نیا سپیکر منتخب کر لیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سپیکر کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخاب میں متان کہانا نے 66 ووٹ حاصل کر کے واضح کامیابی سمیٹی جبکہ نیتن یاہو کے نامزد کردہ امیدوار اوفیر کاٹز صرف 52 ووٹ حاصل کر سکے۔
سیاسی مبصرین اور ناقدین کے مطابق یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کی حکومت کو اندرونی اور بیرونی محاذوں پر شدید دباؤ اور تنقید کا سامنا ہے۔
اپوزیشن حلقوں اور انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے نیتن یاہو حکومت پر طویل عرصے سے ناقص طرزِ حکمرانی، بدانتظامی اور بدعنوانی کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں جبکہ غزہ میں جاری بربریت کی کارروائیوں اور انسانی بحران کے باعث عالمی سطح پر بھی اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
دوسری جانب نیتن یاہو کے حامی حلقے ان پالیسیوں کو ملکی سلامتی اور حکومتی استحکام کے لیے ضروری قرار دیتے رہے ہیں تاہم پارلیمان کے اندر حالیہ رائے شماری نے حکومتی اتحاد کی کمزور ہوتی گرفت کو واضح کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متان کہانا کی اس کامیابی میں عرب جماعتوں یونائیٹڈ لسٹ اور رام (Ra’am) کے ووٹوں نے نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان جماعتوں نے نیتن یاہو اور ان کے انتہائی دائیں بازو کے اتحادیوں کی حکومت کو تبدیل کرنے کی حمایت کی جس کے نتیجے میں اپوزیشن پارلیمان کا یہ کلیدی عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
پارلیمانی نظام میں سپیکر کا عہدہ ایوان کی کارروائی، قانون سازی اور ووٹنگ کے شیڈول پر براہ راست اثر انداز ہونے کے باعث کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سائنسدانوں کا بڑا انکشاف، کیا آپ بھی غیر معمولی ذہین ہیں؟ خود چیک کریں!
اطلاعات کے مطابق نئے سپیکر آج سے ہی نیتن یاہو حکومت کے پارلیمانی ایجنڈے کو تبدیل کرنے کے لیے اپنا کام شروع کریں گے۔
توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ نئے سپیکر کی اولین ترجیحات میں عدلیہ کی آزادی کو محدود کرنے والی متنازع اصلاحات کو واپس لینا بھی شامل ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ اصلاحات 2022ء میں نیتن یاہو کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد متعارف کرائی گئی تھیں جنہیں ناقدین نے جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش قرار دیا تھا اور ان کے خلاف اسرائیل بھر میں بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج دیکھنے میں آیا تھا۔





