نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملک بھر کے شہریوں کو آن لائن جعلسازی اور ڈیجیٹل فراڈ کے ایک نئے اور پیچیدہ طریقہ کار سے خبردار کر دیا ہے۔
جدید بینکنگ سسٹم اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے آن لائن فراڈ کرنے والے عناصر کس طرح شہریوں کی محنت کی کمائی کو منتقل کرتے ہیں؟ اس حساس معاملے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے اسلام آباد و راولپنڈی محمد شعیب خان نے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے جعلسازوں کے طریقہ واردات سے پردہ اٹھایا۔
محمد شعیب خان کے مطابق فراڈ میں ملوث عناصر سب سے پہلے جعلی کمپنیاں رجسٹرڈ کرواتے ہیں اور پھر ان کے نام پر جعلی بینک اکاؤنٹس بنا کر انہیں باقاعدہ بینکنگ نظام کے ساتھ منسلک کر دیتے ہیں جس کے بعد متعلقہ بینک کی جانب سے ان اکاؤنٹس میں رقم منتقل کی جاتی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے مزید انکشاف کیا کہ جعلی کمپنیاں چلانے والے ملزمان ان جعلی بینک اکاؤنٹس کو مختلف آن لائن گیمز اوربیٹنگ پورٹلز (جوا کھیلنے والی ویب سائٹس) کے ساتھ منسلک کر دیتے ہیں۔
اس طریقہ کار میں بظاہر بینک سے پیسہ کسی کمپنی کے کھاتے میں جا رہا ہوتا ہے لیکن درحقیقت وہ تمام رقم ان جعلی اکاؤنٹس میں منتقل ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ میں قومی وسائل لوٹنے والوں کے خلاف سخت آپریشن:مافیا کے ٹھکانے نذرِ آتش، بھاری مشینری تباہ!
اس سنگین مسئلے کے مستقل حل پر بات کرتے ہوئے محمد شعیب خان نے کہا کہ یہ دراصل پالیسی لیول کا کام ہے کہ ہم کس طرح سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)کے نظام کو مزید مضبوط اور محفوظ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اس معاملے پر این سی سی آئی اے کی پوری ٹیم بھرپور محنت کر رہی ہے تاکہ متعلقہ ریاستی و مالیاتی اداروں کو ایسی ٹھوس تجاویز دی جا سکیں جن پر عملدرآمد کر کے جعلی کمپنیوں کے قیام اور آن لائن مالی فراڈ کا راستہ ہمیشہ کے لیے روکا جا سکے۔





