موجودہ حکومت کی مثالی گورننس قدرتی وسائل کے تحفظ اور مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا ایک اور شاندار عملی مظاہرہ سامنے آیا ہے۔
صوبے کے قیمتی معدنی ذخائر اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں غیر قانونی گولڈ مائننگ (سونے کی کان کنی) کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا اور فیصلہ کن آپریشن کر ڈالا جس کے دوران 55 غیر قانونی پلانٹس اور 60 جھونپڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا جبکہ موقع پر موجود بھاری مشینری کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
موجودہ قیادت کی واضح ہدایات اور بہترین انتظامی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ سکواڈرن لیڈر (ر) امان اللہ کی براہ راست سربراہی میں نظام پور کے علاقوں مندوری اور دروازگئی میں یہ بھرپور کریک ڈاؤن عمل میں لایا گیا۔
انتظامیہ کی اس بروقت اور بے خوف کارروائی نے واضح کر دیا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں کسی بھی بااثر یا غیر قانونی مافیا کو ملکی وسائل لوٹنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر سونے کی کان کنی اور دریائی ریت سے سونا نکالنے کے مکروہ دھندے میں استعمال ہونے والے تمام 55 پلانٹس، 60 جھونپڑیوں اور بھاری مشینری کو آگ لگا کر ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ موقع سے ایک ایکسویٹر بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
موجودہ حکومت کی اس شاندار کارکردگی کو عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے جن کا کہنا ہے کہ ماضی میں نظر انداز کیے جانے والے اس سنگین مسئلے پر موجودہ قیادت نے جس سنجیدگی، جرات اور شفافیت کے ساتھ ہاتھ ڈالا ہے وہ لائقِ تحسین ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی پارلیمان میں بڑا سیاسی اپ سیٹ: نیتن یاہو کے امیدوار کو شکست ،حزب اختلاف امیدوار سپیکر منتخب!
اس اقدام سے نہ صرف قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان سے بچایا گیا ہے بلکہ ماحولیاتی تباہی اور غیر قانونی قبضوں کا بھی قلع قمع کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے موجودہ حکومت کے وژن کے مطابق دوٹوک اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ اور قدرتی وسائل کی چوری کے خلاف یہ بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔





