کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (قیسکو) نے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک بڑا اور عوام دوست قدم اٹھاتے ہوئے مختلف خالی آسامیوں پر بھرتی کے لیے واک ان انٹرویو (Walk-in Interview) کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
قیسکو کی جانب سے امیدواروں کی آسانی کے لیے نیشنل جاب پورٹل (NIP) کے ذریعے پیشگی درخواست دینے کی شرط کو بھی ختم کر دیا گیا ہے جس سے ان تمام امیدواروں کے لیے بھی انٹرویو میں شرکت کی راہ ہموار ہو گئی ہے جو کسی وجہ سے پہلے اپلائی نہیں کر پائے تھے۔
کمپنی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق وہ تمام امیدوار جنہوں نے مشتہر شدہ آسامیوں کے لیے پہلے نیشنل جاب پورٹل (NIP) کے ذریعے درخواستیں جمع نہیں کروائی تھیں وہ بھی اس واک ان انٹرویو میں براہ راست شرکت کے اہل ہوں گے۔
انٹرویو کا شیڈول اور مقام:
تاریخ:
20 نومبر 2026
اوقات:
صبح 09:00 بجے سے شام 05:00 بجے تک
مقام:
بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سائنسز (بیوٹمز)، بلیلی روڈ کوئٹہ
انتظامیہ کی جانب سے بتائی گئی شرائط میں انٹرویو میں شرکت کے لیے صرف وہی امیدوار اہل ہوں گے جن کے پاس بلوچستان کا لوکل یا ڈومیسائل سرٹیفیکٹ موجود ہو۔
انٹرویو میں شرکت کے لیے آنے والے امیدواروں کو کسی قسم کا ٹی اے/ڈی اے (TA/DA) ادا نہیں کیا جائے گا۔
قیسکو انتظامیہ کے پاس یہ حق محفوظ ہے کہ وہ کسی بھی مرحلے پر بھرتی کے اس عمل کو بغیر کوئی وجہ بتائے منسوخ یا ملتوی کر سکتی ہے۔
امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ انٹرویو میں شرکت کے دوران درج ذیل دستاویزات اپنے ہمراہ لازمی رکھیں:
اصل دستاویزات:
تمام اصل تعلیمی اسناد / ڈگریاں، قومی شناختی کارڈ (CNIC) لوکل و ڈومیسائل سرٹیفیکٹ اور تجربے کے سرٹیفیکیٹس (اگر قابل اطلاق ہوں) تصدیق کے لیے ساتھ لائیں۔
تصدیق شدہ نقول:
تمام متعلقہ دستاویزات (شناختی کارڈ، لوکل/ڈومیسائل، تعلیمی اسناد اور تجربہ سرٹیفیکیٹ) کی تصدیق شدہ فوٹو کاپیوں کا ایک (01) مکمل سیٹ بھی لازمی درکار ہوگا۔
تصاویر:
پاسپورٹ سائز کی دو (02) حالیہ تصاویر۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی شہریوں کے لئے گولڈن چانس:ملائیشیا کا گولڈن ویزا جاری کرنے کا اعلان
علاوہ ازیں قیسکو حکام کا کہنا ہے کہ جن اضلاع میں فی الحال واک ان انٹرویو منعقد نہیں ہو سکے ہیں ان کے شیڈول کا اعلان بھی جلد کر دیا جائے گا تاکہ تمام اضلاع کے امیدواروں کو مساوی مواقع مل سکیں۔





