پشاور:گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم عامر عبداللہ نے صوبے کے تعلیمی نظام کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں 29 لاکھ لڑکیوں سمیت مجموعی طور پر 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ قبائلی اضلاع میں 329 اسکول غیر فعال ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر تعلیم عامر عبداللہ نے تعلیمی شعبے کے اعداد و شمار پیش کیے اور نظام کی بہتری کے لیے نئے اصلاحاتی اقدامات کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار کی پالیسیوں اور انتظامی کمزوریوں کے باعث صوبے کے 35 ہزار سرکاری اسکولوں میں اس وقت اساتذہ کی 44 ہزار 747 آسامیاں خالی پڑی ہیں، جبکہ 11 ہزار سے زائد اسکول ایسے ہیں جہاں صرف ایک یا دو اساتذہ تعینات ہیں۔
اسکولوں، آئی ٹی لیبز اور جامعات کی صورتحال
مشیر تعلیم کے مطابق صوبے میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد کے لحاظ سے پشاور سرفہرست ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ:
بند اسکول اور اساتذہ کی کمی:صوبے کے 12 مخصوص اضلاع میں 512 سرکاری اسکول بند پڑے ہیں، 264 اسکولوں میں سرے سے کوئی استاد موجود نہیں، جبکہ 107 اسکول ایسے ہیں جہاں یا تو اساتذہ نہیں ہیں یا طلبہ موجود نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دہائیوں سے سسٹم کا حصہ رہنے والے آج معصوم نہ بنیں، عوام اچھی گورننس چاہتے ہیں نہ کہ فساد کی سیاست، عطا تارڑ کا چیئرمین پی پی پی پر سخت ردعمل
قبائلی اضلاع میں بے ضابطگیاں: قبائلی اضلاع میں 329 اسکول غیر فعال ہیں اور وہاں سینکڑوں اساتذہ نے مبینہ طور پر پیسے دے کر اپنی جگہ متبادل افراد کو تعینات کر رکھا ہے۔ مزید برآں، اساتذہ کی تقسیم غیر متوازن ہے؛ جہاں ضرورت ہے وہاں عملہ دستیاب نہیں اور کئی مقامات پر اضافی (سرپلس) اساتذہ تعینات ہیں۔
آئی ٹی کی تعلیم کا فقدان: سرکاری اسکولوں کی 1700 کمپیوٹر لیبارٹریوں میں سے 325 کے کمپیوٹرز برسوں سے خراب پڑے ہیں، جس کے باعث طلبہ کو آئی ٹی کی تعلیم کمپیوٹر کے بجائے بلیک بورڈ پر دی جا رہی ہے۔
اعلیٰ تعلیم اور تحقیق: عامر عبداللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کی شرح سندھ اور پنجاب کے مقابلے میں انتہائی کم یعنی صرف 8 فیصد ہے۔
صوبے کی 34 جامعات کے 698 شعبہ جات (ڈپارٹمنٹس) میں سے 208 ڈپارٹمنٹس نے گزشتہ تین سالوں کے دوران ایک بھی تحقیقی مقالہ (ریسرچ پیپر) تیار نہیں کیا۔
اصلاحات اور نئے منصوبوں کا اعلان
تعلیمی بحران پر قابو پانے کے لیے مشیر تعلیم نے آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شعبہ تعلیم کی بحالی کے لیے 5 ارب روپے کی لاگت سے 70 منصوبوں پر مشتمل 180 دن کا پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ دیگر اہم اقدامات میں شامل ہیں:
اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ:صوبے میں مزید 1500 سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، جبکہ 421 اسکول پہلے ہی آؤٹ سورس کیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق سندھ اور پنجاب میں رائج اس نظام کے تحت آؤٹ سورس ہونے والے اسکولوں کا تعلیمی معیار بہتر ہوا ہے اور داخلوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی شہریوں کے لئے گولڈن چانس:ملائیشیا کا گولڈن ویزا جاری کرنے کا اعلان
اساتذہ کی تربیت اور ای ٹرانسفر: اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے 100 دن کا خصوصی منصوبہ لایا جا رہا ہے، اور مستقبل میں اساتذہ کے تبادلوں کا نظام (ای ٹرانسفر) اسی تربیت کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔
دانش اسکولز اور سولرائزیشن: وزیراعظم اسکیم کے تحت صوبے میں 7 دانش اسکول تعمیر کیے جائیں گے، 424 اسکولوں کو شمسی توانائی (سولرائزیشن) پر منتقل کیا جائے گا اور ورچوئل اسکول منصوبے کو وسعت دی جائے گی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 13 سالوں سے برسرِاقتدار رہنے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومتوں کے تعلیمی اصلاحات کے دعوؤں کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں بچوں کا اسکولوں سے باہر رہنا اور بنیادی سہولیات کا فقدان ماضی کی حکومتی پالیسیوں اور ترجیحات پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے، جبکہ پی ٹی آئی قیادت ماضی میں اپنے دورِ اقتدار میں تعلیمی بجٹ میں اضافے اور اصلاحات کا دفاع کرتی رہی ہے۔





