پشاور: پشاور میں ایک انتہائی اہم اور ہنگامہ خیز پریس کانفرنس کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں جاری سونے کی غیر قانونی کان کنی اور ٹیرر کرائم نیکسز کا خوفناک پردہ فاش کرتے ہوئے صوبے بھر میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے فوری طور پر ہمیشہ کے لیے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ صوبے کے وسائل پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 13 سالوں سے کے پی کے وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار کی جا رہی ہے اور آج جب انٹرنیشنل اور مقامی کمپنیوں کو قانونی طریقے سے سرمایہ کاری کی دعوت دی جاتی ہے تو یہ مائننگ مافیا شور مچانا شروع کر دیتا ہے کیونکہ ان کا اصل مقصد صوبے کو ترقی سے محروم رکھنا ہے۔
صوبے میں جاری اس سفاکانہ لوٹ مار کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے گورنر نے بتایا کہ اکیلے کوہاٹ کے علاقوں میں غیر قانونی گولڈ پلیسر مائننگ کے ذریعے ماہانہ تقریباً 90 کلوگرام سونا چوری کیا جا رہا تھا جس کی ماہانہ مالیت 4.2 ارب روپے بنتی ہے۔
اس غیر قانونی دھندے میں ہزاروں کی تعداد میں بھاری مشینری، ٹریکٹرز اور ڈمپر استعمال ہو رہے تھے، اور اس لوٹ مار کا 80 فیصد حصہ افغانستان اسمگل کیا جا رہا تھا جو بالآخر پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی اور خوارج کی مالی معاونت میں استعمال ہو رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : دشمن کی ہر مشکوک نقل و حرکت پر کڑی نظر، خفیہ اطلاعات پر ہونے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ، 2 افغان شہریوں سمیت 16 خوارج جہنم واصل
سابقہ دور میں قائم ہونے والی مبینہ یوتھ کمیٹیوں کے ذریعے مقامی و غیر مقامی افراد سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کیا جا رہا تھا جس کے تانے بانے ملک دشمن اور دہشت گرد نیٹ ورکس سے جڑے ہوئے تھے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس مافیا کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب ریاست نے اس غارت گری کو روکا تو فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملے کیے جن میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 10 بہادر پولیس جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ جوابی کارروائی میں 18 خوارج کو بھی جہنم واصل کیا گیا۔
گورنر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اب مزید معصوم جانوں کا یہ خون اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ شہداء کے اسلاف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام پر ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا ہے جو اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔
مائننگ مافیا کی پشت پناہی کرنے والے بااثر سیاسی چہروں اور جرائم پیشہ عناصر کے نام بے نقاب کرتے ہوئے گورنر نے بتایا کہ اس مکروہ دھندے میں پی ٹی آئی کے آفتاب عالم، شہریار آفریدی، خرم زیشان، ساجد اقبال اور احسان لاچی، پیپلز پارٹی کے امجد آفریدی، جے یو آئی (ف) کے سیٹھ گوہر سیف اللہ، نسیم آفریدی اور عماد اعظم براہِ راست ملوث ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یہ انتشار پھیلانے والوں کا اقتدار نہیں کہ من مانی چلے، کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ پر انتظامیہ کا ہتھوڑا چل گیا
اس کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ کے بھائی نوید، اظہر بخاری، نذیر آفریدی، بادشاہ خان گروپ اور حافظ اسرافیل جیسے عناصر بھی اس گینگ کا حصہ ہیں جن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
حکومتی لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے سخت وارننگ دی کہ آج سے صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں اور لیز ختم کر دی گئی ہیں، اور تمام کان کن و ٹھیکیدار ایک ہفتے کے اندر اپنی مشینری وہاں سے ہٹا لیں بصورت دیگر آہنی اور فیصلہ کن ریاستی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔
اس پورے اسکینڈل، غیر قانونی مائننگ اور کوہاٹ کے سانحے کی جامع تحقیقات کے لیے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں باقاعدہ جوڈیشل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے جبکہ اس دھندے میں ملوث کرپٹ مجسٹریٹس اور سرکاری کارندوں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ کے پی کے مستقبل کو اس مافیا سے ہمیشہ کے لیے نجات دلائی جا سکے۔





