بٹ کوائن مزید سستا ہوگیا، قیمت کہاں تک گر گئی؟

اسلام آباد: عالمی کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں شدید مندی کی لہر کے باعث بٹ کوائن کی قیمت دو سال کی کم ترین سطح پر گر گئی ہے، جس سے ڈیجیٹل کرنسی کے سرمایہ کاروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق شدید مندی کے دباؤ کے باعث دنیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن 60 ہزار ڈالر کی اہم نفسیاتی حد بھی برقرار نہ رکھ سکی۔

 حالیہ کاروباری سیشن کے دوران بٹ کوائن کی قدر میں 5.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت گر کر 55 ہزار 830 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔

 جولائی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بٹ کوائن 60 ہزار ڈالر سے نیچے آیا ہے اور یوں یہ دو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔کرپٹو مارکیٹ میں جاری اس گراوٹ کے باعث سرمایہ کاروں کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں 11 افسران و اہلکاروں کے لیے بڑا حکم جاری

 معاشی و مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت (AI) کی کمپنیوں کے تیزی سے بڑھتے ہوئے اخراجات اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کی غیر معمولی بلند قیمتوں نے عالمی سرمایہ کاروں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

ماہرین کے مطابق ممکنہ نقصانات کے خدشے کے پیشِ نظر سرمایہ کار اب زیادہ خطرے والے اثاثوں (رسک ایسٹس) سے اپنا سرمایہ تیزی سے نکال رہے ہیں، جس کے براہِ راست اور منفی اثرات عالمی کرپٹو مارکیٹ اور بٹ کوائن کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

Scroll to Top