قومی کرکٹ میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ، نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، کئی سینیئرز فارغ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مینز قومی کرکٹرز کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے جو 30 جون 2027 تک مؤثر رہیں گے۔

 ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کنٹریکٹس کی تفصیلات جاری کیں، جن کے تحت کھلاڑیوں کو کارکردگی اور مقررہ معیار کی بنیاد پر مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں سب سے نمایاں تبدیلی کئی سینیئر اور معروف کھلاڑیوں کی عدم شمولیت ہے، جن میں محمد رضوان، شان مسعود، حسن علی، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد حارث اور نعمان علی شامل ہیں، جنہیں اس مرتبہ کسی بھی کیٹیگری کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

اس کے برعکس نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ترجیح دیتے ہوئے عرفات منہاس، معاذ صداقت، محمد طحہ، فرحان یوسف، طیب عارف، رضا اللہ، سمیر منہاس اور ثاقب خان کو سینٹرل کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کیٹیگری میں بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ خالصتاً ٹیسٹ کیٹیگری میں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل کو جگہ دی گئی ہے۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی مشترکہ کیٹیگری میں ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ اسی طرح ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بٹ کوائن مزید سستا ہوگیا، قیمت کہاں تک گر گئی؟

 اس کے علاوہ پی سی بی نے مستقبل کی تیاری کے لیے ڈیولپمنٹ کیٹیگری میں 19 نوجوان کرکٹرز کو شامل کیا ہے، جن میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، ثاقب خان، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ کنٹریکٹس کی تقسیم میں کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی اور طے شدہ معیار کو مدنظر رکھا گیا ہے اور بورڈ ٹیم میں نئے چہرے لے کر آ رہا ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا مطلب ہرگز ٹیم سلیکشن کی ضمانت یا پابندی نہیں ہے؛ جن کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ نہیں ملا وہ بھی قومی ٹیم میں منتخب ہو سکتے ہیں اور محمد رضوان کے لیے بھی قومی ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوئے۔

عاقب جاوید نے مزید بتایا کہ نئے کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ میچ فیس کی مد میں بھی پرکشش رقم دی جا رہی ہے۔

 اس موقع پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے فاسٹ بولرز شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اقدام کو قومی کرکٹ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

Scroll to Top