وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کو شکست دی اور ملک کا عالمی مقام بحال کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا اور خود بھارت نے بھی پاکستان کی طاقت کو تسلیم کیا ہے۔ دنیا پاکستان پر اعتماد کر رہی ہے اور مختلف ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، اسے فوجی حملے کے ذریعے نقصان پہنچانا اب آسان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 78 سال بعد پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل ہوا ہے اور ملک خطے میں ایک اہم دفاعی طاقت کے طور پر سامنے آیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ مضبوط اور دیرینہ تعلقات کا عکاس ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اور فضائیہ سعودی عرب کے دفاعی تعاون میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان اب خطے میں سیکیورٹی فراہم کرنے والے ملک کے طور پر پہچانا جا رہا ہے اور سعودی عرب کی حفاظت میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستانی قوم ہر وقت جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔





