فضل الرحمٰن کے خاندانی اثاثوں، مہنگی رہائش گاہوں، لیکسز گاڑیوں اور بیرونِ ملک دوروں پر عوام کا دستاویزی شواہد پیش کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن اور ان کے خاندان کے مالی معاملات، طرزِ زندگی اور ماضی کے حکومتی ادوار میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے سیاسی و عوامی حلقوں میں ایک بار پھر سخت سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ 

عوام کا کہنا ہے کہ جب بھی جے یو آئی (ف) کی قیادت سے اثاثوں، ٹیکس تفصیلات یا انتظامی معاملات پر جواب طلب کیا جاتا ہے تو حقائق پیش کرنے کے بجائے سیاسی بیانیے، مذہبی جذبات اور انتقامی کارروائیوں کے دعووں کا سہارا لیا جاتا ہے۔

پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام کی جانب سے سامنے آنے والے نکات کے مطابق اسلام آباد میں مہنگی رہائش گاہوں، شاہانہ طرزِ زندگی، قیمتی گاڑیوں اور بیرونِ ملک دوروں کے اخراجات کے ذرائع کے حوالے سے شفاف تفصیلات عوام کے سامنے آنا ضروری ہیں۔

شہریوں کا مؤقف ہے کہ محض سیاسی تقاریر یا الزامات کو بے بنیاد قرار دینے سے یہ سوالات ختم نہیں ہو سکتے، بلکہ ان کا جواب دستاویزی شواہد اور ٹیکس ریکارڈ کے ذریعے دیا جانا چاہیے۔

اس بحث میں مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر اسد محمود کے دورِ وزارت میں پاکستان پوسٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق تحقیقات کا حوالہ بھی دیا جا رہا ہے۔ ناقدین نے اس معاملے پر چار بنیادی سوالات اٹھاتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے:

 اگر خاندان کی آمدن اور اثاثوں میں مطابقت موجود ہے تو اس کی مکمل اور مصدقہ تفصیلات عوام کے سامنے کیوں پیش نہیں کی جاتیں؟

سابقہ دورِ وزارت میں سرکاری اداروں، بالخصوص پاکستان پوسٹ میں مبینہ اقربا پروری اور بھرتیوں سے متعلق تحقیقات اور الزامات کی اصل حقیقت کیا ہے؟

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمٰن اور ٹی ٹی پی گٹھ جوڑ بے نقاب، کمانڈر سمیع اللہ کا فضل الرحمٰن کو سیکیورٹی دینے کا ویڈیو بیان جاری، حکومت کو کھلم کھلا چیلنج

 مدارس کی اراضی اور سرکاری زمینوں سے متعلق وقتاً فوقتاً سامنے آنے والی شکایات اور دعوؤں پر باضابطہ مؤقف اور جواب دہی کب سامنے آئے گی؟
جماعتی قیادت اور خاندان کے مالی معاملات میں وہ شفافیت کیوں نظر نہیں آتی جس کا تقاضا دیگر سیاسی جماعتوں سے کیا جاتا ہے؟

تنقیدکرنے والوں کا مزید کہنا ہے کہ سیاسی اور انتظامی معاملات پر اٹھنے والے سوالات کے جواب میں مدرسے کے طلبہ، مذہبی جذبات یا سیاسی کارکنوں کو ڈھال بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

 عوام کے مطابق مذہب اور اخلاقیات کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والی قیادت پر یہ ذمہ داری زیادہ عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے مالی معاملات اور طرزِ زندگی میں مکمل شفافیت برقرار رکھے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور یکساں احتساب کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ الزامات اور جوابی دعوؤں کے بجائے متعلقہ اداروں اور عوام کے سامنے ٹھوس شواہد رکھے جائیں، تاکہ حقیقت واضح ہو سکے۔

Scroll to Top