پاکستان ویمنز کی اسکاٹ لینڈ کو عبرتناک شکست، 9 وکٹوں سے فتح

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سپر سکس مرحلے میں اسکاٹ لینڈ ویمنز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

عجمان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 125 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 17.1 اوورز میں حاصل کرکے شاندار کامیابی اپنے نام کرلی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے گل فیروزہ اور کپتان منیبہ علی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔

گل فیروزہ نے 43 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے، جبکہ منیبہ علی نے 48 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا، جب شوال ذوالفقار 13 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئیں۔

اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 30 رنز تھا، تاہم اس کے بعد گل فیروزہ اور منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 98 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

یہ بھی پڑھیں : سیمنٹ کی قیمتوں میں بڑا اتار چڑھاؤ، کس شہر میں کتنی قیمت ہوگئی؟

اس سے قبل اسکاٹ لینڈ ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے تھے۔ اسکاٹش کپتان کیتھرین برائس نے 36 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ کیتھرین فریزر نے 21، ڈارسی کارٹر نے 18 اور سارہ برائس نے 17 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے امِ ہانی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 اوورز میں 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مومنہ، نشرہ سندھو اور عائمہ سہیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے 16.3 اوورز میں 110 رنز بنالیے تھے، تاہم پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں حریف ٹیم کو مزید بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔

یوں پاکستان ویمنز ٹیم نے گل فیروزہ اور منیبہ علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 17 گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کرکے 9 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔

Scroll to Top