گوگل سرچ میں بڑی تبدیلی، ہوم پیج سے اہم بٹن ختم کرنے کا فیصلہ

دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے تقریباً 25 سال بعد اپنے ہوم پیج کے روایتی ڈیزائن میں بڑی تبدیلی متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت گوگل سرچ کا روایتی بٹن ختم کرکے اس کی جگہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں۔

گوگل کے اس اقدام کا مقصد صارفین کے لیے کمپنی کے جیمنائی اے آئی اور اے آئی موڈ تک رسائی آسان بنانا ہے۔ نئے ڈیزائن میں تصاویر بنانے، فائلز کا تجزیہ کرنے اور نئے خیالات حاصل کرنے سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نئے ڈیسک ٹاپ ہوم پیج کی جھلک شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ نئے انٹرفیس کی عالمی سطح پر مرحلہ وار فراہمی شروع کردی گئی ہے۔نئے ڈیزائن کے تحت سرچ باکس کے نیچے موجود روایتی گوگل سرچ بٹن کو ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ اس کی جگہ تین نئے آپشنز شامل کیے گئے ہیں۔

پہلا آپشن ’نینو بنانا‘ (Nano Banana) ہوگا، جس کے ذریعے صارفین تحریری ہدایات دے کر مصنوعی ذہانت کی مدد سے اپنی پسند کی تصاویر تیار کرسکیں گے۔دوسرا آپشن ’Ask about files‘ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی فائلز اپ لوڈ کرکے ان کے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے، دستاویزات کا تجزیہ کروا سکیں گے اور مطلوبہ معلومات حاصل کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات ناکام ہوئے تو نئے سال کے بعد ایران پر حملہ کریں گے، ٹرمپ کی دھمکی

تیسرا آپشن ’Brainstorm‘ ہوگا، جس کی مدد سے صارفین جیمنائی اے آئی کے ذریعے نئے خیالات، منصوبوں اور تخلیقی کاموں کے لیے تجاویز حاصل کرسکیں گے۔گوگل نے اپنے روایتی ’I’m Feeling Lucky‘ بٹن کو برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جسے پہلے تبدیل کرنے یا ختم کرنے پر غور کیا جارہا تھا۔

اے آئی سرچ کی پرانی گفتگو بھی محفوظ رہے گی

گوگل کے نئے ہوم پیج میں ایک اہم تبدیلی بائیں جانب سائیڈ بار کا اضافہ ہے، جسے صارفین اپنی ضرورت کے مطابق کھول اور بند کرسکیں گے۔اس سائیڈ بار کے ذریعے صارفین اپنی حالیہ اے آئی موڈ سرچز اور سابقہ گفتگو تک دوبارہ رسائی حاصل کرسکیں گے۔ اس میں پرانی سرچز کھولنے، سابقہ سوالات سے گفتگو آگے بڑھانے اور نئی چیٹ شروع کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین کے مطابق صارفین اب ایسے سوالات کے ساتھ سرچ انجن کا رخ کررہے ہیں جن کے جوابات صرف ایک مرتبہ سرچ کرنے سے مکمل نہیں ہوتے بلکہ انہیں مزید سوالات، معلومات اور تحقیق کی ضرورت ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آزمائشی مرحلے کے دوران سائیڈ بار نے صارفین کو اپنی سابقہ سرچز سے دوبارہ جڑنے اور تحقیق کا سلسلہ جاری رکھنے میں مدد فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں :

کیا گوگل کی عام سرچ ختم ہوجائے گی؟

گوگل کے نئے انٹرفیس کے باوجود سرچ انجن کی بنیادی سہولت برقرار رہے گی اور صارفین پہلے کی طرح سرچ باکس میں مطلوبہ الفاظ یا سوال لکھ کر کی بورڈ پر انٹر کا بٹن دبائیں گے تو انہیں روایتی سرچ نتائج ہی حاصل ہوں گے۔

یعنی عام سرچ کے لیے اب الگ سے گوگل سرچ بٹن دبانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ مصنوعی ذہانت کے فیچرز استعمال کرنے کے لیے صارفین اپنی ضرورت کے مطابق متعلقہ آپشن منتخب کرسکیں گے۔

گوگل کے مطابق نئے ہوم پیج اور سائیڈ بار کی فراہمی عالمی سطح پر مرحلہ وار شروع کردی گئی ہے، تاہم ابتدائی طور پر یہ تبدیلی ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے متعارف کرائی جارہی ہے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق گوگل کا یہ اقدام روایتی سرچ انجن کو مصنوعی ذہانت کے ساتھ مربوط کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

مستقبل میں سرچ کا تجربہ صرف ویب سائٹس اور لنکس تلاش کرنے تک محدود رہنے کے بجائے سوالات کے جوابات، تصاویر کی تخلیق، دستاویزات کے تجزیے اور طویل گفتگو جیسی سہولیات پر بھی مشتمل ہوگا۔

Scroll to Top