فائلوں کی دھمکیوں کے پیچھے کرپشن اورغیر قانونی بھرتیوں کا ڈر، فضل الرحمان کی عبادت کے منبر کو سیاسی ڈھال بنانے کی ناکام کوشش

پشاور: پشاور کے مفتی محمود مرکز میں نمازِ جمعہ کے اجتماع کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خطاب اور ڈرو گے تو نہیں ناں؟ تھکو گے تو نہیں ناں؟ جیسے نعروں نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آخر انہیں سیاسی نعرے لگوانے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ 

ناقدین اور سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نمازِ جمعہ اور مذہبی فضا کو سیاسی نعروں اور جذباتی سوالات کے لیے استعمال کر کے احتسابی دباؤ سے بچنے اور کارکنوں و طلبہ کو سیاسی ڈھال بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم جے یو آئی (ف) کے حامی اس طرزِ عمل کو حکومتی دباؤ کے سامنے مزاحمت اور سیاسی جدوجہد قرار دیتے ہیں۔

 منبر بنا ’سیاسی ڈھال‘؟

مفتی محمود مرکز میں نمازِ جمعہ کے موقع پر موجود نمازیوں اور مدرسے کے طلبہ کے سامنے مولانا فضل الرحمان کے خطاب نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ کیا دباؤ کے وقت مذہبی اجتماع کو سیاسی طاقت اور دفاعی حصار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے؟

ناقدین کا ماننا ہے کہ سیاسی مقاصد اور مبینہ بے ضابطگیوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے عبادت کے اجتماع کو سیاسی رنگ دیا گیا اور شرکاء سے جذباتی نعرے لگوائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈنڈے سوٹے ہم کھائیں، عہدے اور فنڈز خاندان کے پاس، کارکنوں کے گڑھ بلوچستان سے بغاوت، فضل الرحمان کی قیادت کا دوہرا معیار بے نقاب

سوشل میڈیا پر شہریوں اور صارفین کی جانب سے اس طرزِ عمل پر شدید تنقید دیکھنے میں آئی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ نمازی عبادت کے لیے آتے ہیں نہ کہ سیاسی تقاریر اور نعروں کے لیے، اور منبر و مسجد کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے سیاسی گفتگو سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔

مبصرین کے نزدیک جو قیادت مذہبی احترام اور اقدار کی بات کرتی ہے، اس کا دباؤ کے وقت نمازِ جمعہ کے اجتماع میں سیاسی نعرہ بازی کرانا ایک نمایاں تضاد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

 احتساب سے فرار یا سیاسی دباؤ کا بیانیہ؟

جمعے کے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ اڑھائی برس سے انہیں حکومت میں شامل کرنے کے لیے منت سماجت کی جاتی رہی، تاہم انکار کے بعد فائلیں کھولنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

 ناقدین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی دباؤ اور “فائلوں” کی دھمکیوں کا ذکر اس وقت زیادہ ابھرتا ہے جب زیرِ بحث تحقیقات کے سوالات سامنے آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : تیرہ کروڑ کی لیکسس 600 الٹرا لگژری جو نہ ایف بی آر میں ڈیکلیئرڈ ہے اور نہ الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں، فضل الرحمان کے پاس کیسے آئی؟

ناقدین براہِ راست یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ جن فائلوں کا حوالہ دیا جا رہا ہے، کیا وہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ بے نامی جائیدادوں اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود کے بطور وفاقی وزیر اپنے دور میں کی گئی مبینہ کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ہیں؟

مبصرین کے مطابق اگر معاملہ انہی تحقیقات کا ہے تو اداروں پر سیاسی بیانات کے ذریعے نشانہ بنانے کے بجائے ان بے نامی جائیدادوں اور کرپشن سے متعلق سوالات کے حقائق اور شواہد سامنے آنے چاہئیں، اور اسعد محمود کو بیان بازی کے بجائے نیب اور دیگر تحقیقاتی اداروں میں جاری انکوائریوں کا حصہ بن کر اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے۔

 عوامی حساسیت اور جوابدہی کا تقاضا

مفتی محمود مرکز کا خطاب اور اس پر اٹھنے والا ردعمل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عوامی اور سوشل میڈیا حلقوں میں اب مذہبی اجتماعات کے تقدس اور سیاسی جوابدہی کے حوالے سے حساسیت بڑھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دن رات مصدق ملک، ہر پل پاکستان کا ذکر، ایس سی او اجلاس میں بھارتی میڈیا کی توجہ کا سب سے بڑا مرکز بن گئے

ناقدین کے نزدیک نمازِ جمعہ کے اجتماع میں جذباتی نعرے اور “فائلیں کھولنے” کی دھمکیوں کا شور وقتی طور پر کارکنوں میں جوش پیدا کر سکتا ہے، مگر یہ طرزِ عمل نہ تو عبادت گاہ کے تقدس سے ہم آہنگ ہے اور نہ ہی احتسابی سوالات کا کوئی ٹھوس جواب۔

تجزیہ کاروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک مبینہ بے نامی جائیدادوں، اسعد محمود سے جڑی تحقیقات اور زیرِ بحث فائلوں کا سامنا جذباتی نعروں کے بجائے قانونی فورمز اور دستاویزی شواہد کے ذریعے نہیں کیا جاتا، تب تک مذہبی فضا کو سیاسی ڈھال بنانے کی کوششوں پر سوالات اٹھتے رہیں گےچاہے جے یو آئی قیادت اسے سیاسی انتقام کا نام ہی کیوں نہ دے۔

 ناقدین کے مطابق ایک طرف عبادت گاہوں اور نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو سیاسی نعرہ بازی سے الگ رکھا جانا چاہیے، اور دوسری طرف فضل الرحمان کو بے نامی جائیدادوں اور سابقہ ادوار کی مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق انکوائریوں کا سامنا قانونی فورمز اور شواہد کے ذریعے کرنا چاہیے۔

Scroll to Top