امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر فوجی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں امریکا نئے سال کی تقریبات کے بعد ایران پر دوبارہ حملے کرسکتا ہے، جبکہ اسرائیل بھی تہران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے لیے واشنگٹن پر دباؤ ڈال رہا ہے۔
امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مذاکرات کو طول دینے اور امریکا کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نئے سال کی تقریبات کے بعد ایران پر دوبارہ حملوں کے حق میں ہیں۔
ٹرمپ نے ایران کی جانب سے امریکی بحری ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کی مبینہ کوششوں کے حوالے سے بھی سخت انتباہ جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے ایرانی جہازوں کا بھی وہی انجام ہوگا جو ایرانی بحریہ کے دیگر جہازوں کا ہوا، ایسے تمام جہاز سمندر کی تہہ میں ہوں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا ادارے وائے نیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کم از کم ایک ہفتے کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ مستقبل قریب میں حملوں کی منظوری دینے کے بجائے نئے سال تک انتظار کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت کے خلاف میچ کا ہمیشہ انتظار رہتا ہے، حسن نواز نے اہم راز بتادیا
ایران کا مذاکرات جاری رکھنے اور جنگ کے لیے تیار رہنے کا اعلان
ایرانی حکام نے امریکا کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھنے کے ساتھ کسی بھی ممکنہ فوجی تصادم سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا اعلان کیا ہے۔ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم ایران ہر ممکن صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے اور جنگ کے خطرے کا مستقل خاتمہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ادھر بحرین پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات نے بحرین کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس کی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان سمیت کئی ممالک کی سفارتی کوششیں
فوجی کارروائی کی دھمکیوں کے باوجود پاکستان سمیت علاقائی ممالک امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے امریکی ٹی وی چینل سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی معاہدے کا امکان اب بھی موجود ہے، تاہم فوجی کشیدگی میں مزید اضافہ مشرق وسطیٰ کے لیے تباہ کن نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈنڈے سوٹے ہم کھائیں، عہدے اور فنڈز خاندان کے پاس، کارکنوں کے گڑھ بلوچستان سے بغاوت، فضل الرحمان کی قیادت کا دوہرا معیار بے نقاب
انہوں نے بتایا کہ مصر، پاکستان، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر مذاکرات کی بحالی اور دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد سازی کے لیے رابطے کررہا ہے۔پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب اخبار دی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف روس کے متوقع دورے کے بعد 3 دسمبر کو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تہران جاسکتے ہیں، تاہم سرکاری سطح پر دوروں کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔
نیتن یاہو ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے حامی
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو ایران کے خلاف مختصر مگر شدید فوجی کارروائی کے خواہش مند ہیں تاکہ ایرانی حکومت کو کمزور کیا جاسکے۔اسرائیلی میڈیا ادارے وائے نیٹ کے مطابق نیتن یاہو کا خیال ہے کہ چند روز پر مشتمل مشترکہ فوجی کارروائی ان نتائج کے حصول میں مدد دے سکتی ہے جو معاشی ناکہ بندی سے حاصل نہیں ہوسکے۔
تاہم ٹرمپ کے مشیروں میں مجوزہ فوجی کارروائی کے حوالے سے اختلاف پایا جاتا ہے۔ بعض مشیر خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ نئے حملوں سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھ سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے ممکنہ فوجی کارروائی اور ایران کی جانب سے اچانک حملے کے خدشے کے پیش نظر اپنی تیاریاں بڑھا دی ہیں، تاہم مشترکہ حملے کا حتمی فیصلہ امریکا کے ہاتھ میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران سے مستقل معاہدہ کروں گا، حکومت کی تبدیلی میں زیادہ دلچسپی نہیں، ٹرمپ
اسرائیلی نشریاتی ادارے آئی 24 نیوز نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی آپریشنل تیاری مکمل ہے اور وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کررہی ہے۔ تاہم امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ان فوجی جائزوں اور دعوؤں کی عوامی سطح پر تصدیق نہیں کی۔
ایران جنگ پر امریکا کے 48 ارب ڈالر سے زائد اخراجات
ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کے تناظر میں امریکا میں جنگ کے مالی اور سیاسی اخراجات پر بھی بحث تیز ہوگئی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پینٹاگون کے ایک بجٹ عہدیدار کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر 13 نومبر تک امریکی فوج کے آپریشنل اخراجات اور استعمال شدہ گولہ بارود کی جگہ نئے ہتھیاروں کی فراہمی پر تقریباً 48 ارب 30 کروڑ ڈالر خرچ ہوچکے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اس تخمینے میں مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تنصیبات کو پہنچنے والا نقصان شامل نہیں، جس کے باعث جنگ کے مجموعی اخراجات اس سے کہیں زیادہ ہوسکتے ہیں۔امریکی جریدے دی اٹلانٹک کے مطابق پینٹاگون نے خطے میں فوجی تنصیبات تک کانگریس کے ارکان کی رسائی اور جنگ کے اخراجات و جانی نقصانات سے متعلق معلومات کی فراہمی بھی محدود کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران سے مستقل معاہدہ کروں گا، حکومت کی تبدیلی میں زیادہ دلچسپی نہیں، ٹرمپ
امریکی ایوان نمائندگان کے متوقع اسپیکر حکیم جیفریز نے سی بی ایس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس جنگ ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں شروع کی گئی مہنگی جنگ امریکی خاندانوں کے لیے ایندھن اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے اور اب اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
مذاکرات یا نئی جنگ؟
ٹرمپ کی تازہ دھمکی کے بعد ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے وقت سے متعلق غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔ ایک طرف اسرائیل فوری فوجی کارروائی کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، دوسری جانب ایران نے دفاعی تیاریوں کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان سمیت علاقائی ممالک سفارتی حل کے لیے سرگرم ہیں۔
ایسے میں آنے والے ہفتے اہم قرار دیے جارہے ہیں، جن میں یہ واضح ہوسکے گا کہ امریکا اور ایران مذاکرات کے ذریعے کسی معاہدے تک پہنچتے ہیں یا مشرق وسطیٰ ایک بار پھر بڑے فوجی تصادم کی لپیٹ میں آتا ہے۔





