دن رات مصدق ملک، ہر پل پاکستان کا ذکر، ایس سی او اجلاس میں بھارتی میڈیا کی توجہ کا سب سے بڑا مرکز بن گئے

اسلام آباد: بھارت میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے دوران پاکستان کی شرکت اور پاکستانی وفد کی سرگرمیاں بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہیں، جس کے باعث تہذیبی مکالمے کے لیے بلایا گیا یہ عالمی اجلاس بھارتی میڈیا کی کوریج میں پاکستان کے تذکرے تک محدود ہوتا دکھائی دیا۔

رپورٹس کے مطابق ایس سی او کے اس اجلاس میں پاکستان کی موجودگی بھارتی میڈیا کے لیے نمایاں ترین موضوع بنی رہی۔

مبصرین اور صحافتی حلقوں کے مطابق پاکستان کے خلاف منفی بیانیے اور پروپیگنڈے میں مصروف رہنے والا بھارتی میڈیا اجلاس کی اصل روح اور عالمی ایجنڈے کو پسِ پشت ڈال کر صرف پاکستان کی موجودگی اور نقل و حرکت پر مرکوز رہا، جس سے تہذیبی مکالمے کے لیے منعقدہ یہ پلیٹ فارم بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ میں پاکستان کے گرد گھومتا نظر آیا۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت کے پاس دہشتگردی کے ثبوت ہیں تو پیش کرے، پاکستان کے پاس بھی شواہد موجود ہیں، مصدق ملک

اجلاس کے دوران پاکستانی وزیر مصدق ملک کی شرکت اور ان کی سرگرمیوں کو بھارتی میڈیا کی کوریج میں غیر معمولی اہمیت دی گئی۔

 اس کے ساتھ ساتھ اجلاس کے موقع پر مصدق ملک کی اہلیہ کی مختلف سرگرمیاں بھی بھارتی میڈیا کی توجہ سمیٹتی رہیں، جس نے پاکستانی وفد کی موجودگی کو مزید نمایاں کر دیا۔

سیاسی اور سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو نظر انداز کرنے کے نام نہاد دعوے کیے جاتے رہے ہیں، تاہم ایس سی او اجلاس کے دوران بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ نے ان دعوؤں کے برعکس تصویر پیش کی، جہاں پاکستانی وفد اور اس سے جڑی سرگرمیاں سرفہرست رہیں۔

Scroll to Top