جب سونے کی افغانستان سمگلنگ اور بھتہ خوری کا دھندا عروج پر تھا تب لبوں پر تالے، لیزوں پر ضرب پڑتے ہی فضل الرحمان کا واویلا کھل کر سامنے

پشاور: خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی، بھتہ خوری اور سرحد پار افغانستان اسمگلنگ کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف ریاستی اقدامات کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر سیاسی و عوامی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ 

ناقدین کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے دوران ان کے بیانات مائننگ مافیا اور سیاسی سرپرستی کے معاملے کو نیا رخ دیتے ہیں، تاہم فضل الرحمان اور ان کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ وہ صوبائی حقوق اور معدنی وسائل کے تحفظ کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔

ناقدین اور سرکاری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب تک صوبے سے مبینہ طور پر غیر قانونی کان کنی اور اسمگلنگ کا سلسلہ جاری رہا، اس وقت تک اس شدت سے آواز نہیں اٹھائی گئی، لیکن جیسے ہی ریاستی اقدامات اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے فیصلوں کے تحت غیر قانونی لیزیں منسوخ کرنے کی بات آئی، تو “معدنی وسائل کی چوری” کا بیانیہ سامنے آ گیا۔

یہ بھی پڑھیں : فائلوں کی دھمکیوں کے پیچھے کرپشن اورغیر قانونی بھرتیوں کا ڈر، فضل الرحمان کی عبادت کے منبر کو سیاسی ڈھال بنانے کی ناکام کوشش

دستاویزی و سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ناقدین بتاتے ہیں کہ ماضی میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق صوبے سے ماہانہ تقریباً 90 کلوگرام سونا جس کی مالیت اربوں روپے بتائی جاتی ہے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے نکالا جا رہا تھا، اور اس کا بڑا حصہ سرحد پار اسمگل ہونے کے دعوے کیے جاتے رہے۔ مزید برآں، طویل مدتی لیزوں کے نرخوں اور شفافیت پر بھی سنگین سوالات اٹھائے گئے تھے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق فضل الرحمان کی حالیہ تنقید اور “معدنیات کی چوری” کے دعوؤں کے پیچھے ان فہرستوں اور رپورٹس کا ذکر بھی کیا جا رہا ہے جن میں غیر قانونی کان کنی سے مبینہ طور پر جڑے بااثر کرداروں کی نشاندہی کی گئی تھی۔

 بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ اس نیٹ ورک کی پشت پناہی میں مقامی بااثر افراد کے نام سامنے آئے اور کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں میں غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدن کے ایک حصے کے بھتہ یا دہشت گرد عناصر تک پہنچنے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ جب گورنر خیبرپختونخوا نے متنازع لیزوں کی منسوخی، مخصوص علاقوں سے غیر قانونی کان کنی کے خاتمے اور شفاف سرمایہ کاری کے ذریعے مقامی آبادی کو فائدہ پہنچانے کے اقدامات کا اعلان کیا، تو اس سے مبینہ مافیا کے مفادات متاثر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : دن رات مصدق ملک، ہر پل پاکستان کا ذکر، ایس سی او اجلاس میں بھارتی میڈیا کی توجہ کا سب سے بڑا مرکز بن گئے

عوامی و تجزیاتی حلقوں میں یہ بحث زور پکڑ رہی ہے کہ کیا معدنی وسائل کے تحفظ کے نام پر اٹھائے جانے والے بیانات صوبائی مفاد کی ترجمانی ہیں یا پھر ان عناصر کو تحفظ دینے کی کوشش جن کے مفادات ریاستی کارروائی سے متاثر ہوئے ہیں۔

ناقدین کے مطابق ایک طرف غیر قانونی کان کنی روکنے اور وسائل کو سرکاری و مقامی مفاد میں لانے کے اقدامات کو “چوری” قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ماضی میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں پر خاموشی کو تضاد قرار دیا جا رہا ہے۔

حالیہ دنوں میں سیکیورٹی واپسی، بھائی ضیاء الرحمان کو کراچی ایئرپورٹ پر روکے جانے کی اطلاعات اور مبینہ فرنٹ مین کے خلاف کارروائیوں کے تناظر میں ناقدین کا ماننا ہے کہ فضل الرحمان دباؤ میں ہیں اور مائننگ کے معاملے کو صوبائی حقوق کا رنگ دے کر سیاسی بیانیہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Scroll to Top