مفادات پر خاموشی اور توقعات پوری نہ ہونے پر ہتھکنڈوں کا الزام، شہریوں کا فضل الرحمان سے جائیداد کے کاغذات پیش کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد:  جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے سیاسی طرزِ عمل اور ان کی مبینہ جائیدادوں سے متعلق سامنے آنے والے حالیہ انکشافات پر عوامی و شہری حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ 

شہریوں اور ناقدین کا کہنا ہے کہ سیاسی فائدے کی امید پر خاموشی اختیار کرنا اور توقعات پوری نہ ہونے پر مختلف سیاسی ہتھکنڈے اپنانا ان کی سیاست کا پرانا وطیرہ رہا ہے، تاہم جے یو آئی (ف) کے رہنما ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام اور کردار کشی قرار دیتے ہیں۔

عوامی حلقوں اور شہریوں کی جانب سے سامنے آنے والے تبصروں میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا ہمیشہ یہی کردار رہا ہے کہ جب انہیں کسی سیاسی فائدے یا اقتدار میں شراکت کی امید نظر آتی ہے تو وہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، لیکن جب معاملات ان کی توقعات کے مطابق طے نہیں پاتے تو وہ دباؤ بڑھانے کے لیے مختلف سیاسی ہتھکنڈے اور بیانیے استعمال کرنے لگتے ہیں۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مولانا کی مبینہ جائیدادوں سے متعلق سامنے آنے والے انکشافات نے ان کی سیاسی ساکھ پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، اور اب وہ اس خدشے کے پیشِ نظر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں کہ مزید گفتگو سے معاملات زیادہ بے نقاب نہ ہو جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : جب سونے کی افغانستان سمگلنگ اور بھتہ خوری کا دھندا عروج پر تھا تب لبوں پر تالے، لیزوں پر ضرب پڑتے ہی فضل الرحمان کا واویلا کھل کر سامنے

شہری حلقوں کی جانب سے براہِ راست یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر جائیدادوں اور اثاثوں سے متعلق سامنے آنے والے دعوے بے بنیاد ہیں تو دستاویزی ثبوت اور کاغذات عوام اور متعلقہ فورمز کے سامنے کیوں نہیں لائے جاتے؟

 ناقدین کے مطابق ایک طرف ریاستی اداروں اور نظام کو للکارا جاتا ہے جبکہ دوسری طرف قانونی و دستاویزی جواب دہی سے گریز کیا جا رہا ہے، جسے عوامی حلقے دوغلے پن سے تعبیر کر رہے ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ملک کے موجودہ سیاسی ماحول میں احتساب، اثاثوں کی شفافیت اور اداروں سے متعلق بیانات پر عوامی حساسیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سیاسی قائدین سے محض بیانات کے بجائے دستاویزی شواہد اور قانونی فورمز پر وضاحت کا تقاضا زور پکڑتا جا رہا ہے۔

Scroll to Top