خیبر پختونخوا میں جلسے، جلوس کے لیے نئے قواعد نافذ، خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہوگا

خیبر پختونخوا میں جلسے، جلوس اور عوامی اجتماعات کے انعقاد کے لیے پیشگی تحریری اجازت لازمی قرار دے دی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

صوبائی حکومت نے سول ایڈمنسٹریشن، پبلک سروسز اور گڈ گورننس رولز 2026 نافذ کردیے ہیں، جس کے تحت ڈپٹی کمشنر یا مجاز افسر کی تحریری اجازت کے بغیر کوئی جلسہ یا جلوس منعقد نہیں کیا جا سکے گا۔

گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے یا جلوس کے انعقاد کے لیے کم از کم 9 روز پہلے درخواست دینا لازمی ہوگا، جس پر ڈپٹی کمشنر 5 روز کے اندر فیصلہ کرے گا۔ اجازت کے حصول کے لیے درخواست کے ساتھ حلف نامہ اور دو ضامن بھی فراہم کرنا ہوں گے۔

بغیر اجازت جلسہ یا جلوس منعقد کرنے پر 50 ہزار سے 3 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا، جبکہ جرمانے کے خلاف 7 روز کے اندر کمشنر کو اپیل دائر کرنے کا حق ہوگا۔

قواعد کے تحت مجاز افسر میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر یا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا نامزد کردہ افسر شامل ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں صحت، تعلیم، ریونیو دفاتر، سروس ڈیلیوری سینٹرز، پٹوار خانوں، مارکیٹس اور جیل خانہ جات کو پبلک فیسلٹیز قرار دیا گیا ہے۔

مزید برآں پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (پی ایم آر یو) چیف سیکریٹری آفس کے تحت سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔ ضروری اشیا کی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی میں رکاوٹ کو ریسورس کرائسز قرار دیا گیا ہے۔

قواعد کے مطابق کمشنر پبلک ایجنسیز کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ریونیو انتظامیہ کی نگرانی اور مانیٹرنگ بھی کرے گا، جبکہ ریونیو افسران اور منسٹریل اسٹاف کے سروس معاملات بھی کمشنر کے دائرہ اختیار میں ہوں گے۔

Scroll to Top