بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد فن و ثقافت کو بھی ہتھیار بنا لیا، مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈے، نیٹ فلکس پر پاکستانی سیریز روکنے کے لیے دباؤ ڈالنے لگی

 

بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد فن و ثقافت کو بھی سیاسی کشمکش کا حصہ بنا لیا، بھارتی حکومت نے نیٹ فلکس سے پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو بھارت میں بلاک کرنے کا مطالبہ کردیا، جس پر پاکستان میں بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس پر زور دیا ہے کہ پاکستانی مواد تک بھارتی صارفین کی رسائی روکی جائے۔ دوسری جانب آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے مودی حکومت سے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی کے لیے قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ بھارتی فلم یونینز نے پاکستانی مواد نشر کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔

 

بھارتی دباؤ پر پاکستانی سیریز کی ممکنہ بندش کی خبروں پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل دیتے ہوئے نیٹ فلکس سے یکساں پالیسی اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ صارفین کا سوال ہے کہ اگر پاکستانی ڈرامے بھارت میں بند کیے جائیں گے تو بھارتی فلمیں اور ڈرامے پاکستان میں کیوں دکھائے جائیں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی مواد کے حوالے سے بھی پاکستان میں یکساں پالیسی اختیار کی جائے۔

 

صارفین نے نشاندہی کی کہ بھارتی فلم ’دھرندر‘ پاکستان میں نیٹ فلکس پر دستیاب رہی اور ٹاپ ٹرینڈنگ میں بھی شامل ہوئی۔

 

فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید اور حمزہ علی عباسی کی اداکاری سے سجی پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی عالمی ریلیز 4 دسمبر کو شیڈول ہے۔

 

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھارتی اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پہلے کھیل کو ہتھیار بنایا گیا، پھر پانی کو اور اب فن و ثقافت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا سوال تھا کہ کرکٹ میچ سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈرامہ قومی سلامتی کا مسئلہ کیسے بن گیا؟ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کھیلنے، پانی کو بہنے، فنکاروں کو تخلیق کرنے اور ناظرین کو اپنی پسند کا مواد دیکھنے دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی اور بی جے پی کے خارجہ دعوے ڈوب گئے، ملائیشیا نے بھارت کا ویزا بند کر دیا، بھرم چکنا چور، یکم جنوری 2027 سے نئی پابندی نافذ

 

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے بھی نیٹ فلکس پر پاکستانی تفریحی مواد کی پابندی کے مطالبے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے بھارتی معاشرے میں گہرا عدم تحفظ پایا جاتا ہے، حالانکہ عام پاکستانی بھارت کے خلاف زہر آلود جذبات نہیں رکھتا۔

 

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق پاکستانی سیریز کی بھارت میں ممکنہ پابندی کا معاملہ نیٹ فلکس کے لیے بھی ایک اہم امتحان ہے کہ وہ دونوں ممالک کے صارفین کے لیے یکساں پالیسی اپناتا ہے یا نہیں۔

Scroll to Top