سابق فاٹا اور پاٹا کے علاقوں میں زیر استعمال چار لاکھ سے زائد نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے نئی پالیسی تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کرانے والی گاڑیاں ضبط کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق قبائلی علاقوں میں موجود تقریباً چار لاکھ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں میں سے ایک لاکھ 25 ہزار گاڑیاں محکمہ ایکسائز کے پاس رجسٹرڈ ہیں، جبکہ باقی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ان پر نمبر پلیٹس لگانے کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
حکام نے اس سلسلے میں مختلف قبائلی علاقوں کی انتظامیہ کو ڈیڈ لائنز بھی دے دی ہیں اور واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن نہ کرانے والے گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ ایسی گاڑیوں کو ضبط بھی کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابقہ فاٹا کے 33 ادارے اور ڈائریکٹوریٹس ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کےسپرد،نوٹیفیکیشن جاری
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق دہشت گردی کے متعدد واقعات میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال کی نشاندہی ہوئی ہے، جس کے باعث ان گاڑیوں کی رجسٹریشن اور نقل و حرکت کو ضابطے میں لانے کے لیے نئی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔





